گورنر کا دورہ مردان، مردان میڈیکل کمپلیکس میں دہشتگردوں کے حملہ میں زخمی ہونیوالے ڈی ایس پی اور سی ٹی ڈی اہلکار کی عیادت کی، جلد صحت یابی کی دعا
*گورنر کا دورہ مردان، مردان میڈیکل کمپلیکس میں دہشتگردوں کے حملہ میں زخمی ہونیوالے ڈی ایس پی اور سی ٹی ڈی اہلکار کی عیادت کی، جلد صحت یابی کی دعا*
*گورنر کی ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس افسر و اہلکارکو تمام تر طبی سہولیات یقینی فراہمی کی ہدایت، گورنر کی ہسپتال میں مختلف امراض میں زیر علاج دیگر مریضوں کی بھی عیادت*
*عوام کے تعاون سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے وفاق و صوبائی حکومتیں مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو*
*گورنر کی مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ کی رہائشگاہ آمد، حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد، شیخ ملتون ٹاؤن کا بھی دورہ، عوام علاقہ و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں*
پشاور، 214،ہینڈآؤٹ، 9 جولائی 2023
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گزشتہ روز ایک روزہ دورہ مردان کے دوران مردان میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشتگردوں کے حملہ میں زخمی ہونیوالے ڈی ایس پی فاروق زمان اور سی ٹی ڈی اہلکار کی عیادت کی۔اس موقع پر گورنر کے ہمراہ نگران صوبائی وزیر برائے آبپاشی فضل الٰہی، سابق اراکین صوبائی اسمبلی امانت شاہ، تاج الامین جبل، مولانا اسرارالحق، مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ بھی موجود تھے، گورنر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کو دی جانیوالی علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زیر علاج زخمی پولیس آفیسر اور اہلکار کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اگر یہاں طبی سہولیات کی کمی ہو تو زخمیوں کو مزید بہتر علاج معالجہ کیلئے کسی اور ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے جس پر ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ جاری ہے اور انشاءللہ بہتری آئے گی،گورنر نے اس موقع پر ہسپتال کے دیگر مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مختلف امراض میں زیر علاج مریضوں کی بھی تیمارداری کی۔ گورنر کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایل سی کی بندش کے باعث ہسپتال کو درکار بعض مشینری میسر نہ ہونے سے علاج معالجہ میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر گورنر نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ایل سی کھولنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نوٹس میں لایا جائے گا تاکہ ہسپتال کو درکار مشینری میسر آ سکے،ہسپتال میں موجود عوام علاقہ، سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیت نے گورنر کے مردان میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرنے اور زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر مریضوں کی خیریت دریافت کرنے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ گورنر ہر غم و خوشی کے موقع پر صوبہ بھر میں عوام کے درمیان موجود ہوتے ہیں اور گورنر نے حقیقی معنوں میں ثابت کر دیا ہے کہ صوبہ کے ہر ضلع کے عوام کا غم و خوشی انکا اپنا خوشی و غم ہے اور وہ ایک عوامی گورنر ہیں۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے وفاق و صوبائی حکومتیں مسلسل کوششیں کر رہی ہیں تاہم عوام کو بھی چاہئے کہ وہ امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بحثیت زمہدار شہری اپنا کردار ادا کریں اور اپنا تعاون یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز، پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبہ میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہو رہی ہے اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن عوام کے تعاون سے ہماری سیکیورٹی فورسز اور پولیس دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں،
بعد ازاں دورہ مردان کے دوران گورنر مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ کی رہائشگاہ بھی گئے جہاں انہوں نے مردان چیمبر کے صدر حاجی ظاہر شاہ کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود مردان کی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں اور ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ اور موجودہ ملکی اقتصادی صورتحال میں تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی سمیت تاجر برادری کو درپیش کاروباری مسائل و مشکلات سے متعلق گفتگو کی۔
علاوہ ازیں گورنر شیخ ملتون ٹاؤن میں نعیم خان کی رہائشگاہ بھی تشریف لے گئے جہاں انہوں نے اورنگزیب خان سمیت دیگر معززین علاقہ سے ملاقات کی اور عوامی مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی، اس موقع پر گورنر نے شیخ ملتون ٹاؤن کے نمائندہ عوامی وفد کو گورنر ہاوس دورہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مردان سمیت صوبہ بھر کے عوام کو درپیش مسائل ہمارے مسائل ہیں اور نگران وزیراعلٰی محمداعظم خان، نگران وزراء ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل و مشکلات کے حل کیلئے پوری کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو تمام شعبوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مسائل و مشکلات میں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.