وزیرِ اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس ۔
وزیرِ اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس ۔
الیکٹرک بسوں کے آپریشن کی کل سے بحالی اور دھابیجی خصوصی اقتصادی زون میں ترقیاتی کام کی 15 جولائی سے آغاز کی خوشخبری ۔
کراچی
9 جولائی 2023
وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ آج اتوار کو آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرک بسوں کے چارجر آ چکے ہیں اور کل سے یہ بسیں دوبارہ کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں ایک خوشخبری یہ بھی ہے کہ کل کراچی میں مزید بسوں کا ایک فلیٹ پہنچ رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر شہری سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے بسوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا اور نئی بسیں پرانی بسوں کو ری پلیس کردیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بسوں کی مانیٹرنگ ایپ لانچ ہوچکی ہے، سندھ حکومت نے لوگوں کی زندگی کو مہنگائی کے اس طوفان کے دور میں آسان بنایا ہے۔ میگا پراجیکٹس میں سندھ حکومت نے سب سے نمایاں کام کیا ہے ۔سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین صحت سہولتیں میسر ہیں، افغانستان اور ایران سے بھی لوگ علاج کے لئے سندھ کے اسپتالوں سے استفادہ کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کام شروع کررہا ہے۔ دھابیجی اکنامک زون سرمایہ کاری اور روزگار کے بے شمار مواقع لائے گا۔ ون ونڈو آپریشن کے زریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات دی جارہی ہیں ۔ الیکٹرک بسوں کا ایک پلانٹ سندھ میں لگنے کا بھرپور امکان ہے۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ سید قاسم نوید قمر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے سرمایہ کاروں اور کاروباری لوگوں کے لئے بزنس فرینڈلی ماحول مہیا کرنا ہے، جس کے لئے سندھ حکومت دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پر خاصے عرصے سے کام کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 جولائی سے دھابیجی اکنامک زون کا ترقیاتی کام شروع ہورہا ہے جو کہ ایک بڑا سنگ میل ہے جسے ہم نے حاصل کیا ہے۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں 10 سال کے لئے ٹیکس ہالیڈے ہے، دھابیجی اکنامک زون سے روزگار اور معیشت کے مواقع بڑھیں گے۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سی پیک منصوبہ ہے اور اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں بڑے منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ہیں اور دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں بھی سندھ حکومت نے صرف زمین مہیا کی ہے جسے ڈیولپ کرنا ڈیولپر کی زمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون 1500 ایکڑ رقبے پر محیط ہے اور پورٹ قاسم ، کراچی ایئرپورٹ اور مین ریلوے ٹریک سے مختصر فاصلے پر ہے، اپنی لوکیشن اور امکانات کے حوالے سے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ملک کا کامیاب ترین اکنامک زون ثابت ہوگا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تمام شعبوں میں بہترین کام کررہی ہے، سندھ حکومت وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں دن رات صوبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مینگروز کے لئے سندھ حکومت کے کام کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تسلیم کیاہے۔ اربن فاریسٹ پر بھی سندھ حکومت نے نمایاں کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج صرف سندھ حکومت نے مہیا کیا ہے اور سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کا معیار اتنا اعلیٰ ہے کہ کسی کو ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں دنیا کا مہنگا ترین سائبر نائف اور ٹرانسپلانٹ جیسا علاج بالکل مفت مہیا کیا جارہا ہے ایسا کہیں اور نہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں بہت جلد سرمایہ کاری کانفرنس کرے گی تاکہ یہاں کے قدرتی وسائل کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے اور سرمایہ کاری لائی جائے، پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کو انویسٹمنٹ کانفرنس میں بلایا جائے گا ، ہمیں اپنے لوگوں کو تعمیری سرگرمیوں کی طرف لے کر بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول نے اپنے غیر ملکی دوروں میں نوجوانوں کے لئے روزگار اور تعلیم کے مواقع کی بات کی ہے، اور ہمارے محترم مفاہمت کے بادشاہ جناب آصف علی زرداری نے سب کو مفاہمت کا پیغام دیا ہے، پاکستان کھپے کا پیغام، اتحاد ، مفاہمت اور ترقی کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی لوگوں کو متحد کرتی ہے۔جوڑتی ہے ان میں اتفاق و یگانگت قائم کرتی ہے۔ چیئرمین بلاول نے پورے پاکستان کی قوتوں کو مفاہمت کے ساتھ اور مل کر کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت اب صوبے کے ہر ڈویژن میں آئی ٹی کے ادارے، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کرے گی۔ تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں ہمارے نوجوان آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ٹاپ لیڈر شپ پورے ملک میں یونٹی اور اتحاد کی فضا قائم کرنے پر کاربند ہے۔ یہی پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے، پیپلز پارٹی نفرتوں اور لڑائی جھگڑے کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے اور سب کے ساتھ ملکر آگے بڑھنے پر یقین رکھتی ہے ، ہمیں مثبت سوچ سے اگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی جیسی طبی سہولیات پورے پاکستان میں کہیں نہیں ہیں، پاکستان کے ہر ضلع میں این آئی سی وی ڈی کی شاخیں ہونی چاہئیں، اب ہمیں ملک کو آگے لیکر چلنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کچے کے علاقوں میں آپریشن کررہی ہی اور بہت جلد یہ عفریت ختم ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافی ایس ایم عسکری کی گمشدگی پر آئی جی سندھ اور جنگ انتظامیہ سے بات ہوئی ہے تلاش جاری ہے جلد نتائج آئیں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی پارٹی کے خلاف ںیان دیکر ہیڈ لائن بنوانے کے بجائے اچھی بات پر ہیڈ لائن بنوائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں وہ گالم گلوچ اور لڑائی کی سیاست کو مسترد کررہے ہیں۔ اب لوگوں کو اپنے مسائل کا حل چاہئے۔ لوگوں کے مسائل حل کرکے لوگوں کے دل جیتنے چاہئیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی نے ۔۔ ائی ایم ایف کو معاہدہ کرنے سے روکنے کی کوشش کرکے حب الوطنی کا ثبوت نہیں دیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لڑائی جی ڈی اے یا کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ ہماری لڑائی غربت ، جہالت، بے روزگاری اور مسائل سے ہے۔جنہیں حل کرنا ہمارا مشن ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دودھ اور گندم کی قیمتوں پر کنٹرول کے لئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سخت ہدایات دی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم ،صحت ،زراعت، توانائی، ابپاشی، ہاوسنگ اور دیگر شعبوں میں گرانقدر کام کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ سے نکلنے والے قدرتی وسائل پر رائلٹی سمیت استعمال کا پہلا حق بھی سندھ کا ہی ہے۔
Comments are closed.