قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم ،شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں ، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

 

 

اہم ترین—مریم اورنگزیب ۔۔۔بیان
قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم ،شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں ، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ملک اور ریاست کے خلاف مہم وہی پرانی ہے، صرف چہرے بدل رہے ہیں، چہرے بدل گئے لیکن ایجنڈا ایک ہی ہے، 9 مئی والا ایجنڈا بیرون ملک بیٹھی پراکسیز اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیاسی شدت پسندی کا واقعہ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ کا مرض لا علاج ہے جو اقتدار سے محرومی کے بعد فومو(Fear of missing out) کی ذہنی کیفیت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد پراپیگنڈہ، الزامات، فساد اور سازشوں کی منصوبہ سازی میں مصروف ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے ۔ کسی بھی سیاسی انتہاءپسندی یا مس ایڈونچر کا ذمہ دار9 مئی کا منصوبہ ساز ہوگا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کا ٹرائل شروع ہو رہا ہے، کرپشن کے ثبوت سامنے آ رہے ہیں اس لئے عمران خان کو ایک اور سازش درکار ہے ۔ یہ پاگل اور ذہنی مریض ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی سائیفر، کبھی راکٹ لانچر سے قاتلانہ حملہ، کبھی حوروں والے ٹیکے، کبھی حضرت عیسیٰ اور کبھی قرآن پاک کے حوالے سے بے ہودہ بیانات بیمار ذہنیت کا ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے 2017 میں ہی بتا دیا تھا کہ یہ ذہنی مریض اور پاگل ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے ۔فتنہ ملک میں لاشیں ، افراتفری اور فساد چاہتا ہے، اپنی کرپشن، جھوٹ اور ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے سر پر بالٹی، ڈبہ اور ڈسٹ بن ڈال کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان نے افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزام لگائے، ثبوت مانگا گیا تو کہا کہ کوئی ثبوت نہیں لوگوں سے سنا ہے ۔ اپنا جھوٹ، سازش اور پراپیگنڈہ پھیلانے کے لئے چند یوٹیوبر زاور ولاگرز کو ’پراکسی‘ کے طورپر استعمال کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی گھٹیا ذہنیت ہے جس نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداءکے خلاف غلیظ مہم چلوائی تھی۔ ملک میں سیاسی انتہاءپسندی کا ذمہ دار فارن ایجنٹ ہے جس نے اپنی پراکسیز کے ذریعے 9 مئی کرایا، ذہن سازی کی، منصوبہ بندی کی، اپنے جتھوں سے ریاست کے خلاف دہشت گردی کرائی ، فارن ایجنٹ نے سرکاری وحساس عمارتوں پر حملے کرائے، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کرائی ، فتنے نے ایمبولنسز جلوائیں، ریڈیو پاکستان، مساجد ، سکول جلوائے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے لابیسٹس، فارن میڈیا کو اپنے جھوٹے بیانیہ کا مواد دینے کے لئے یہ حرکتیں کر رہا ہے۔

 

Daily Askar

Comments are closed.