متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں مختلف سیاسی جماعتوں، ریزیڈینس کمیٹیوں کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان جس بحران سے گزر رہا ہے اُس کی وجہ نوجوانوں کا مختلف ٹکڑوں میں تقسیم ہو جانا بھی ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ کے شہروں بالخصوص کراچی میں بسنے والے نوجوان ایک سیاسی پلیٹ فارم پر متحد ہوکر جدوجہد کریں، نوجوانوں کی متحدہ سیاسی جدوجہد کا فائدہ صرف سندھ کو نہیں بلکہ پورے پاکستان کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں رہنے والے نوجوان خواہ اُس کا تعلق کسی بھی لسانی اکائی سے ہے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ اگر مخلص قیادت کے ساتھ نوجوانوں کا جوش بھی شامل ہوجائے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنا مقصد حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کی موروثی سیاست میں نوجوانوں کا انقلاب برپا کیا اور جاگیردار ل، وڈیروں کے ایوانوں میں تعلیم یافتہ مڈل کلاس طبقے کے نوجوانوں کو نمائندگی کیلئے بھیجا، ایم کیو ایم کا یہ روشن کارنامہ ہے جس کی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ فنکشنل، آل پاکستان مسلم لیگ، ہزارہ تحریک سمیت شہر کراچی کی مختلف ریزیڈینس کمیٹیوں کے عہدیداران اور کارکنان نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان کیا۔
Comments are closed.