حکمران آئین پاکستان میں شہری کو دیے گئے حقوق کی فراہمی یقینی بنائے، آئی ایل او

کوئٹہ (آئی این پی) انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)کے زیر اہتمام فریڈم آف ایسوسی ایشن کے حوالے سے دوروزہ کانفرنس منعقد کی گئی۔ جس میں ملک بھر سے ٹریڈ یونینز نمائندوں نے شرکت کی۔بلوچستان سے آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالستار اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنما عابد بٹ نے کانفرنس میں شرکت کی۔ اسلام آ باد کے میرٹ ہوٹل میں منعقد ہونے والی فریڈم آف ایسوسی ایشن کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیاکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے چارٹر کے مطابق تنظیم سازی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور آئین پاکستان بھی اس کی ضمانت دیتا ہے لہٰذاآئین پاکستان کے آرٹیکل 17 کے تحت ہر شہری کو جو حقوق دیے گئے ہیں حکمران ان کی فراہمی یقینی بنائیں۔آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالستار نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی وفاقی وصوبائی حکومتیںچائلڈ لیبر،جبری مشقت کا خاتمہ، رائٹ آف فریڈم آف ایسوسی ایشن، ملازمت اور مراعات کی مد میں بلاامتیاز سلوک کے حوالے سے آئی ایل او کنونشنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنما عابد بٹ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ یونینز میں انقلابی تبدیلی کی ضرورت ہے اور ٹریڈ یونین تحریک کادائرہ کار بڑھانا ہوگا کیونکہ انفرادی ورکرز کے مختلف مسائل کو ٹریڈ یونین فورم کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.