لاہور: نفسیاتی عارضے کا شکار کانسٹیبل شاہد جٹ تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے کانسٹیبل شاہد جٹ نے اپنی والدہ اور معالج کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ایک اور ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل شاہد جٹ کی خیریت دریافت کی اور نفسیاتی معالج ڈاکٹر علی انجم اور والدہ سے اس کے علاج میں پیش رفت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شاہد جٹ کی دماغی حالت کافی سنبھل چکی، ادویات کے باقاعدہ استعمال سے وہ نارمل زندگی گزار سکتا ہے، اس جیسے افراد تمسخر کی بجائے انسانی ہمدردی کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی مدد و علاج معالجے کے لیے پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں تحفظ سنٹرز بنائے ہیں، ایسے افراد کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کے مددگار بنیں اور انہیں تحفظ سنٹرز پہنچائیں۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر علی انجم نے کہا کہ ذہنی امراض کے شکار افراد کی سوشل میڈیا ٹرولنگ سے اجتناب کریں، ایسے افراد کو علاج معالجے کیلئے ذہنی امراض کے ڈاکٹرز یا تحفظ سنٹرز تک پہنچائیں۔
شاہد جٹ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اپنی ادویات باقاعدگی سے جاری رکھنے کا عہد کیا۔
Comments are closed.