ثمر جعفری سال 2025 کی چوتھی سہ ماہی کیلئے اسپاٹیفائی ریڈار پاکستان کے آرٹسٹ منتخب
کراچی، 10 اکتوبر، 2025۔ عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم، اسپاٹیفائی نے گلوکار ثمر جعفری کو سال 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے ریڈار پاکستان کا آرٹسٹ منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ان کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اور نوجوان نسل میں ان کے گانوں کی مقبولیت کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس عالمی پروگرام کے تحت اسپاٹیفائی ثمر جعفری کے تخلیقی سفر پر مبنی ایک خصوصی منی ڈاکومنٹری بھی جاری کرے گا، جس میں ان کے فن، جذبے اور تخلیقی سفر کو سامنے لایا جائے گا۔
ثمر جعفری کے گیت اپنے بول، پرسوز آواز کے ساتھ نوجوانوں کے جذبات، تجربات اور احساسات کی عکاسی کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے گیت تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔ گزشتہ 28 دنوں کے دوران پاکستان کے علاوہ جن ممالک میں ان کے گانے سب سے زیادہ سنے گئے، ان میں بنگلہ دیش، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات قابل ذکر ہیں۔ ان کے سامعین میں خواتین و مرد کی تعداد تقریباً برابر ہے، جبکہ ان کے مداحوں کی نصف سے زائد اکثریت میں 18 سے 24 سال کے نوجوان ہیں۔ رواں سال، ان کے دو حالیہ گانے، ”میں رہوں ” اور ”گزارشیں ”، مجموعی طور پر 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بار سنے جا چکے ہیں۔ اپریل اور مئی میں جاری ہونے والے گیت ”میں رہوں ” کی 1 کروڑ 40 لاکھ اور ”گزارشیں ” گیت کی 92 لاکھ سے زائد اسٹریمز ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اسپاٹیفائی کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے لیے آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر رطابہ یعقوب نے کہا، ”ثمر جعفری ایک غیر معمولی صلاحیت کے حامل گلوکار ہیں، اور ریڈار پاکستان سیزن 2025 کے اختتام کے لیے ایک بہترین انتخاب ہیں۔ ہم اسپاٹیفائی کے ذریعے ان کے موسیقی کے سفر کی پذیرائی اور ان کی پرفارمنس کو مزید سامعین تک پہنچانے کے لیے پُرجوش ہیں۔”
اس اہم اعزاز کے حصول پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ثمر جعفری نے کہا، ”ایک آزاد گلوکار کے طور پر یہ میرے لیے ایک نئے آغاز کی مانند ہے اور سالوں سے منتظر یہ لمحہ میرے لئے خواب کی تعبیر جیسا ہے۔ میں پچھلے چھ سال سے موسیقی تخلیق کررہا ہوں، لیکن اپنی اصل تخلیقات کو دنیا کے سامنے لانے میں کافی وقت اور حوصلہ لگا۔ اسپاٹیفائی جیسے پلیٹ فارم پر لوگوں کی پسندیدگی میرے لیے بڑی اہم ہے۔ میں شکرگزار ہوں کہ لوگوں نے میری محنت کو اتنا پسند کیا۔ میں ہمیشہ یقین رکھتا ہوں کہ صبر کرنے والوں کے ساتھ خدا ہوتا ہے، اور آج یہ لمحہ اسی یقین کی یاد دہانی ہے۔ ریڈار پاکستان کے ذریعے اپنی کہانی سنانے کا موقع یقینا میرے کیریئر کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہے۔ ابھی بہت کچھ سامنے آنے والا ہے، اور میں بے حد پُرجوش ہوں کہ سب آپ کے ساتھ جلد ہی شیئر کر سکوں۔”
اسپاٹیفائی کا ریڈار پروگرام دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو اجاگر کرنے اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں انہیں اپنا موسیقی کا کیرئیر بڑھانے کے ساتھ ساتھ سامعین تک رسائی کے اضافے کے ٹولز بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔ پاکستان میں یہ پروگرام مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ثمر جعفری کی اس پروگرام میں شمولیت کے ذریعے اسپاٹیفائی نے ایک بار پھر مقامی گلوکاروں کی حمایت کے ساتھ اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی موسیقی، زندگی کے واقعات اور آوازوں کو دنیا بھر کے سامعین کے سامنے لایا جائے گا۔
Comments are closed.