گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پورے بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قتل و غارت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے اندر اندر کوئٹہ شہر میں کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں جو باعث تشویش ہیں.

 

 

کوئٹہ 11 جولائی: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پورے بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قتل و غارت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے اندر اندر کوئٹہ شہر میں کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں جو باعث تشویش ہیں. انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کوئٹہ کے مضافات میں موجود پولیس تھانوں پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں پر کڑی نظر رکھیں. گورنر بلوچستان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ صوبے بھر میں امن و امان کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں مستقل بنیادوں پر پائیدار امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موثر روابط کی اشد ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ نئے ٹھوس اقدامات اٹھانے سے معاشرے کے سماجی اور معاشی طور پر تمام کمزور افراد کو بھی یہ احساس دلانا ہوگا کہ قانون اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپ کے محافظ ہیں. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے تمام ڈی ایس پی اور ایس ایچ وز کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے اپنے علاقوں کی حدود سے جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع کریں. ہر قسم کی شرپسندی اور تخریب کاری میں ملوث تمام جرائم پیشہ عناصر کیخلاف فوری اور بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ سماج دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے ہمیں آپس میں دست و گریبان کر کے کمزور کرنا چاہتے ہیں جن کو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے آمن کا استحکام اولین شرط ہے لہٰذا ہمیں مل جل کر قومی اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا. ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال انتہائی تشویش ناک ہے جو نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے مستقبل کو داو پر لگا رہا ہے. یہ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے وہ منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کيلیے سخت قانونی کارروائی کریں.

Daily Askar

Comments are closed.