مصالحتی کمیٹی نے خضدار پریس کلب کے اختلافات کے خاتمے کیلئے متفقہ فیصلہ پیش کردیا

خضدار پریس کلب کے جنرل باڈی کا اجلاس زیر صدارت مولانا محمد صدیق مینگل منعقد ہوا جس میں کابینہ و جنرل باڈی کے اکثریتی ممبران نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویڑن داود خان خلجی کی سربراہی میں تشکیل کردہ مصالحتی کمیٹی کے ممبران ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ، انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل بھی موجود تھے۔ جنرل باڈی اجلاس سے صدر پریس کلب مولانا محمد صدیق مینگل، ایڈوکیٹ عبد الحمید بلوچ حافظ حمید اللہ ،جنرل سیکریٹری محمداقبال مینگل ، سابق چئیرمین مولانا عبد اللہ شاہوانی، منیر نور گرگناڑی، سینئر صحافی ایوب بلوچ، جبار حسنی و دیگر نے خطاب کیا۔اجلاس میں جنرل باڈی کے ممبران و خضدار پریس کلب چیئرمین منیر احمد زہری، سینیئر نائب صدر میر علی شیر ناز براہوئی، جنرل سیکٹریری اقبال مینگل سابق جنرل سیکٹریری یونس بلوچ،واحد رند، الطاف حسین باجوئی، عامر باجوئی، عبدالرازق بلوچ ،امام جاموٹ عبدالواحد شاہوانی ودیگر موجود تھے قبل ازیں مصالحتی کمیٹی نے پریس کلب کے اختلافات کے خاتمے کے لیئے اپنا متفقہ فیصلہ پیش کیا جس پر کابینہ و جنرل باڈی کے تمام ممبران نے بھرپوراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے اختلافات اور متوازی کابینہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کابینہ و تمام ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ تمام معاملات مصالحتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں حل کیئے جائیں گے اور مستقبل میں ایسے کسی صورتحال سے بچنے کے لیئے تمام مسائل باہمی افہام وتفہیم اور پریس کلب کے مروجہ اصولوں اور پریس کلب کے آئین کے تحت حل کیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ خضدار پریس کلب کے صحافیوں کے درمیان موجود اختلافات کے خاتمے کے لیئے کمشنر قلات ڈویڑن داود خان خلجی کی سربراہی میں ایک مصالحتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں ایڈوکیٹ حمید بلوچ، انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل، چیف آفیسر میونسل کارپوریشن خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ شامل تھے۔مصالحتی کمیٹی نے دونوں فریقین سے طویل مزاکرات کے بعد فیصلہ کا اختیار حاصل کیا اور متفقہ فیصلہ آج جنرل باڈی اجلاس میں پیش کی جس پر تمام ممبران نے اعتماد کا اظہار کیا۔ مصالحتی کمیٹی نے دونوں فریقین کی دور اندیشی اور صحافیوں کے مجموعی مفاد کے تحفظ کے لیئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.