11 اکتوبر، 2023: قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیت کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج ایئرہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جسکے بعد پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔
بعد ازاں معزز مہمان نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے اپنے وژن اور وسیع منصوبوں کا ذکر کیا جنکے ذریعے عصرحاضر کی ہائبرڈ جنگی صورتحال سے نمٹنے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس، نیش ٹیکنالوجیز، سائبر و اسپیس کے شعبہ جات میں درکار آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت میں بہتری کے حصول کے لیئے موجودہ لائحہ عمل اور مستقبل کی جنگی حکمت عملیوں کے تناظر میں پاک فضائیہ کے اہداف اور بنیادی منصوبوں سے بھی آگاہی فراہم کی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین بے مثال تاریخی اور تزویراتی شراکت داری قائم ہے۔ پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس پر جاری، فضائی مشق انڈس شیلڈ میں قطری فضائیہ کے دستے کی شرکت کو سراہتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں اتحادی افواج کے مابین عسکری تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قطر کی مسلح افواج کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران اسکی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ دونوں سربراہان نے الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجی کے شعبوں سمیت جدید عسکری تربیت اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ معززین نے مشترکہ فوجی مشقوں اور باہمی تبادلہ پروگرامز کے فروغ کے لیئے ممکنہ راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا جن سے پیشہ ورانہ مہارت، باہمی تعاون اور دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے مابین قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔ قطر کے چیف آف اسٹاف نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا جن میں پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ شامل ہیں۔
بعد ازاں، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی، نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبت کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا جو کہ حکومت پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا سب سے بڑا نان آپریشنل ملٹری ایوارڈ ہے۔ قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کو یہ اعزاز انکی جانب سے دو طرفہ فوجی تعلقات کو تقویت دینے اور پاک- قطر عسکری تعاون کے فروغ کے لیے انکی جانب سے کی گئی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ اور قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کے مابین یہ ملاقات دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دفاعی و عسکری تعاون کے لیئے ان تعلقات کو تقویت دینے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Comments are closed.