9 مئی کے واقعات کے بعدکاروباری برادری ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی
وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت پاکستان
9 مئی کے واقعات کے بعدکاروباری برادری ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی
کراچی (12 جون 2023) : صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کسی بھی قسم کے تشدد، لاقانونیت اور سیاسی عدم استحکام کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے؛کیونکہ،سرمایہ، خوشحالی اور معاشی سرگرمیاں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے نتیجے میں سب سے پہلے رخصت ہوتی ہیں۔ عرفان اقبال شیخ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری معاشرے کا سب سے غیر سیاسی، پرامن اور قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہے۔مزیدبرآں، 9 مئی کے واقعات نے تمام محب وطن پاکستانیوں اور ریاستی اداروں کی طرح ان کے جذبات کو بھی شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔صدرایف پی سی سی آئی نے واضح کیا کہ تاجر برادری ہمیشہ ریاست اور اس کے اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ ہم صرف سیاسی استحکام،امن و امان کی بحالی اور اقتصادی پالیسیوں میں مستقل مزاجی کے متمنی ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے زور دے کر کہا کہ سیاست ہمارا سبجیکٹ نہیں ہے اور اسے سیاست دانوں پر چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔ تاہم، ایف پی سی سی آئی اگلے 15 سالوں کے لیے چارٹر آف اکانومی پر عمل پیرا ہونے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق چاہتی ہے؛تا کہ، میکرو اکنامک پالیسیوں میں مستقل مزاجی لائی جا سکے اور ان کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے پاکستان اور اس کی معیشت کو سیاسی بحران کا مزید شکار ہونے سے بچانے کے لیے ملک کے سیاسی رہنماؤں سے بھی امیدیں وابستہ کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں کافی تبا ہی ہو چکی ہے اور اب ہمیں قوم وملک کی تعمیر اور اقتصادی بحالی پر توجہ دینی چاہیے۔عرفان اقبال شیخ نے بتایا ہے کہ ملک کے بڑے سیاسی رہنما پہلے ہی چارٹر آف اکانومی کی ضرورت اور ناگزیریت پر متفق ہو چکے ہیں؛ جن میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری شامل ہیں۔مزید برآں،تمام خوددار قومیں اپنے سپاہیوں، اپنے شہداء، اپنے غازیوں اور اپنے ریاستی اداروں کی عزت کرتی ہیں؛لہذا، ہمیں بحیثیت قوم، ہم آہنگی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے اپنی اصلاح کی ضرورت ہے۔تا کہ، کوئی بھی نیا 9 مئی جیسا واقعہ دوبارہ رونما نا ہو سکے۔
بریگیڈیئر افتخار اوپل، ایس آئی (ایم)، ریٹائرڈ
سیکرٹری جنرل
Comments are closed.