خواتین انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے شروع

: خواتین کا انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ (کل ) بدھ کے روز سے لاہور کنٹری کلب، مرید کے میں شروع ہوگا جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چیلنجرز، کانکررز، انونسی بلز ،اسٹارز اور اسٹرائیکرز کے نام دئیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔9 روز جاری رہنے والا یہ ٹورنامنٹ رانڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم چار لیگ میچ کھیلے گی اور اس کا فائنل 21 ستمبر کو ہوگا۔

ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی انڈر19 ٹیم تک آنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گا جسے جنوری 2024 میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹورنامنٹ میں کیش ایوارڈز بھی متعارف کرائے ہیں ۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنراپ ٹیم تین لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔ ہر میچ کی بہترین کھلاڑی کو 10 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 25 ہزار روپے ملیں گے۔

ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹر ، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کو حوصلہ افزائی کے لیے کٹ بیگ دیے جائیں گے۔قومی خواتین سلیکشن کمیٹی نے سلیم جعفر کی سربراہی میں پانچوں ٹیموں کے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے، ہر اسکواڈ چودہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ یہ سلیکشن پورے ملک میں منعقدہ اوپن ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے جو آٹھ مختلف اکیڈمیز میں ہوئے تھے۔گیارہ کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ وہی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اہل ہیں جو یکم ستمبر2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئی ہیں۔

Daily Askar

Comments are closed.