نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہاکہ حکومت بلوچستان اور زمیندار کسان اتحاد پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہی
کوئٹہ 12اکتوبر۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہاکہ حکومت بلوچستان اور زمیندار کسان اتحاد پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ زمینداروں نے 18 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت بلوچستان زمینداروں کے زمے بجلی کے بقایاجات کی مد میں ایک ارب روپے سبسڈی ادا کرے گی تاکہ زمینداروں کی بجلی بحال ہوسکے۔زمیندار بجلی کے بلوں اور بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ زمینداروں کوآٹھ گھنٹے بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے اس کے علاؤہ تمام غیر قانونی ٹیوب ویلوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں ختم کیا جائے گا۔قانونی ٹیوب ویلوں کو ریگولرائزڈ کرکے میٹر پر منتقل کیے جانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ مستقبل میں کوئی مشکلات درپیش نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس کوئٹہ میں زمیندار کسان اتحاد پاکستان سے بجلی کی بحالی اور بقایاجات کی ادائیگی سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ(ر) سعد بن اسد، زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نصیرشاہوانی ،حاجی عبدالرحمن بازئی اور دیگر موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے کے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔کیونکہ سیلاب کی وجہ سے زمینداروں کی مشکلات اور مسائل کا ادراک ہے۔اس سلسلے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں کیسکو کے 415ارب روپے کے واجبات زمینداروں پر ہیں جن کی وصولی کے لیے غیر قانونی ٹیوب ویلوں کے خلاف کارروائیوں اور واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی بندش سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور زرعی شعبہ تباہی کا شکار ہو رہا ہے لہذا زمینداروں کو بجلی کی بحالی اور وولٹیج کی درستگی نہایت ضروری ہے۔اجلاس میں بجلی کی بحالی، واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی،میٹروں کی تنصیب اور اقساط کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض ہوا۔اجلاس میں کیسکو کو 08 آٹھ گھنٹے بجلی کی فراہمی اور وولٹیج کو درست کرنے،زمینداروں کو مقررہ کردہ بل جمع کروانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ کمیٹی بلوں کی ادائیگی ،بجلی کے اوقات کار اور وولٹیج کا جائزہ لے گی اس موقع پر زمینداروں کی جانب میٹر کی تنصب پر اتفاق ہوا جس پر آئندہ مذکرات کئے جائیں گے۔
Comments are closed.