اوتھل 13فروری۔ صوبائی سیکرٹری قانون کلیم اللہ خان نے کہا کہ نقل ایک ناسور ہے جو ملک کی نئی نسل کو جہالت کے اندھیرے میں دھکیلنے کا ذریعہ ہے بلوچستان حکومت اس ناسور کو ختم کرنے اور تعلیمی نظام میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات کررہی ہے امتحانی مراکز پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں امیدواروں کو نقل فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آر سی اوتھل میں ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری قانون نے امتحانات دینے والے بچوں کے پیپرز بھی چیک کیے نقل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات دئیے۔انہوں نے کہا کہ نقل کے ناسور کا خاتمہ کیے بغیر بچوں کا بہتر مستقبل نہیں سنوارا جا سکتا اس لیے ضروری ہے کہ تمام بچے اپنی قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھیں اور نقل کے عمل سے اجتناب کریں تاکہ ان کا بہتر مستقبل سنور سکے ہماری بھرپور کوشش رہے گی صوبائی حکومت کے احکامات پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور نقل کے خلاف فوری اور موثر انداز میں کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ ہمارے بچے نقل کر کے پاس ہوں نقل کے خلاف ہم عملی جدوجہد کرتے رہیں گے تاکہ نقل جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دیا جاسکے اور نقل کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی طلبائ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم پر اپنی توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ بہتر انداز میں علم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کو عام کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں بچوں کو بہتر انداز میں تعلیم دینے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی بچوں کو بھی چاہئے کہ وہ علم دل جوئی کے ساتھ حاصل کریں کیونکہ آگے چل کر انہی بچوں کو ملک کا مستقبل چلانا ہے ہماری کوشش ہے کہ آنے والی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ آنے والا دور تعلیم کا ہے جہالت کسی بھی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی موبائل فون یا غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور امتحانی عمل کو مکمل دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیا جائے۔ نقل کی روک تھام کیلئے فوٹواسٹیٹ دکانوں میں اگر نقل کی سہولت کاری کرتے ہوئے پایا گیا تو متعلقہ فوٹو سٹیٹ دکاندار کیخلاف آیف آئی آر کی جائیں گی دوران امتحان دفعہ 144 نافذ رہے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائرایکٹر قانون حفیظ اللہ،، پی اے سیکرٹری قانون ارشد علی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔
Comments are closed.