فسادی، فتنے اور مسلح جتھوں کے ماسٹر مائنڈ شخص نے اپنے گھر میں بیٹھ کر جناح ہائوس کو آگ لگوائی، قائداعظم کی تصاویر کو آگ لگانے اور قائداعظم کے گھر کو نقصان پہنچانے والے کبھی محب وطن نہیں ہو سکتے، مریم اورنگزیب
فسادی، فتنے اور مسلح جتھوں کے ماسٹر مائنڈ شخص نے اپنے گھر میں بیٹھ کر جناح ہائوس کو آگ لگوائی، قائداعظم کی تصاویر کو آگ لگانے اور قائداعظم کے گھر کو نقصان پہنچانے والے کبھی محب وطن نہیں ہو سکتے، مریم اورنگزیب
لاہور۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک فسادی، فتنے اور مسلح جتھوں کے ماسٹر مائنڈ شخص نے اپنے گھر میں بیٹھ کر جناح ہائوس کو آگ لگوائی، جناح ہائوس قائداعظم محمد علی جناحؒ کا گھر تھا جسے بے دردی سے نقصان پہنچایا گیا، وہاں قائداعظم کی تصاویر کو آگ لگائی گئی، کوئی محب وطن شخص اس قسم کی گھنائونی حرکت نہیں کر سکتا، 9 مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دیکھا کہ کس طرح 9 مئی کو مسلح جتھوں اور غنڈوں نے جناح ہائوس پر حملہ کیا، حساس تنصیبات کو ٹارگٹ کیا گیا، شہداءکی یادگاروں کو جلایا گیا، جناح ہائوس کے اندر بدترین تباہی کی گئی۔ جناح ہائوس کے کوریڈور میں قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی، قائداعظم کے زیر استعمال گاڑیوں اور تاریخی اشیاءکو توڑ پھوڑ کر آگ لگائی گئی، جناح ہائوس کی مسجد کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو بچوں کے سکول جلائے گئے، ایمبولینسوں کو روک کر انہیں آگ لگائی گئی، شہداءکی یادگاروں کو جلایا گیا، ایم ایم عالم کے جہاز اور کیپٹن شیر خان کا مجسمہ توڑ کر اسے آگ لگائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شخص محب وطن نہیں ہو سکتا، ایسا شخص ملک دشمن ہی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کو سیاسی لبادہ پہنانے اور اسے انسانی حقوق کا مسئلہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ 9 مئی کے سانحہ کے بعد پوری قوم اور پاکستان کی محب وطن سیاسی جماعتیں ایک نئے عزم کے ساتھ متحد ہوئیں، عوام اور سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا سرغنہ وہ فسادی عنصر ہے جس نے ملک کو دیمک کی طرح کھانے کی کوشش کی، 9 مئی کے سانحہ کا ماسٹر مائنڈ کہتا ہے کہ یہ تباہی کارکنان نے کی ہے، اسے تو کچھ پتہ ہی نہیں تھا، کبھی وہ میڈیا کو الزام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موصوف زمان پارک میں بیٹھ کر جلائو گھیرائو کی منصوبہ بندی کرتا رہا، اس شخص کو اتنی شرم نہیں کہ وہ خواتین کے بارے میں بھی جھوٹ بولنے سے نہیں تھکتا، اس نے اپنی سیاست کی خاطر خواتین اور شہداءکی بے حرمتی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو لوگ اس غنڈہ گردی میں سہولت کاری کرتے رہے وہ بھی اس جرم کا حصہ ہیں، اس شخص کو کٹہرے میں لا کر پوچھا جانا چاہئے تھا کہ 9 مئی کو حساس تنصیبات اور قومی املاک کو کیوں نقصان پہنچایا، کیوں بچوں کے سکول جلائے گئے، ان کا کیا قصور تھا؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، ایسی مثال قائم کی جائے گی کہ آئندہ کوئی اس قسم کی سازش اور ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو سیاست سے نہیں جوڑا جا سکتا، حساس تنصیبات ہوں یا عوامی املاک، قانون واضح ہے، مجرموں کو متعلقہ قوانین کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ کسی بھی معصوم کے ساتھ زیادتی نہ ہو، سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی جیو فینسنگ کے ذریعے شناخت ہوئی، اس کے بعد نادرا کے ذریعے شناخت ہوئی، یہ پورا پراسیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ ہزاروں خواتین جیلوں میں ہیں، ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ جو خواتین جیلوں میں تھیں وہ باہر آ کر خود کہہ رہی ہیں کہ ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔ ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی رپورٹ جاری کی کہ کسی خاتون کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی شخص کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ وہی ممنوعہ فنڈنگ تھی جس کا مقصد پاکستان کی نوجوان نسل کو تباہ کرنا تھا، پاکستان کی نوجوان نسل بھی عقل رکھتی ہے، ان کو پتہ ہے کہ کون انہیں استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فسادی نے چند لوگوں کی ذہن سازی کی اور پھر اس سازش پر عمل درآمد کروایا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو ضرور سزا ملے گی۔ اس ملک کے تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم نے جعلی کیسز کے باوجود اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کر کے مثال قائم کی تھی کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ایک سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا تعلق سیاست سے نہیں ہے، جو لوگ اس سانحہ میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ شہداءکی یادگاروں کو تباہ کرنے اور جلانے والوں کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
Comments are closed.