سیکریٹری ایکسائز, ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختار نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے افسران اور اہلکاروں نے اہداف کے حصول کے لیے بھر پور محنت کی اور نامساعد حالات کے باوجود زیادہ تر اہداف حاصل کر لیے۔

 

لاہور۔ 13 جولائی:…….سیکریٹری ایکسائز, ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختار نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے افسران اور اہلکاروں نے اہداف کے حصول کے لیے بھر پور محنت کی اور نامساعد حالات کے باوجود زیادہ تر اہداف حاصل کر لیے۔ وہ آج ڈی جی ایکسائز پنجاب کے دفتر میں ڈائریکٹرز کانفرنس کی صدارت کر رہے تھے۔ ڈی جی ایکسائز محمد علی،ایڈیشنل سیکریٹری احمد کمال، ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔کانفرنس میں گذشتہ سال کی کارکردگی اور نئے سال کے مجوزہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری مسعود مختار نے کہا کہ ہدف سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس کی وصولی پر ملازمین کو نقد انعام، تعریفی اسناد دیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹرز کو ہدائت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کا خود جائزہ لیں اور رواں سال سابقہ غلطیاں نہ دہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو نوٹس جلد جاری کیے جائیں اور ملازمین کے زیر التوا ترقی، پنشن اور انکوائری کے کیس جلد نمٹائے جائیں: سیکریٹری نے کہاکہ دس دس سال سے ایک ہی جگہ کام کرنے والے انسپکٹر بدل دیے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی والے افسران بھی ڈویژن اور ضلع بدر کر دیے جائیں گے ۔ انہوں نے ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے آج ہی تجاویز بھجوادیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کی راہنمائی کے لیے بھر پور تشہیری مہم چلائی جائے اور نیا پراپرٹی سروے ڈیڈلائن سے پہلے مکمل کر لیں۔ قبل ازیں ڈی جی ایکسائز محمد علی نے کہا کہ

اچانک دوروں، مانیٹرنگ سیل اور آڈٹ کی موثر پالیسی کی وجہ سے آخری دو ماہ میں ریکارڈ 6.8 ارب کی ریکوری ہوئی اور بھر پور مہم میں بڑی بڑی شخصیات سے ٹیکس وصول کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ

گاڑیوں کی فروخت میں 35 فیصد کمی ، کپاس کی کاشت میں واضح کمی اور ٹارگٹ میں بار بار تبدیلی سے مشکلات کا سامنا تھا جبکہ زیر التواء مقدمات کی وجہ سے ساڑھے تین ارب کے ٹیکس پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیر التواء مقدمات نمٹانے کے لیے ڈائریکٹرز خصوصی سیل قائم کریں۔ ڈی جی نے کہا کہ رواں مالی سال کے آغاز میں ہی ہفتہ وار ہدف طے کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ملازمین کی ویلفیئر کے لیے ایکسائز فاؤنڈیشن قائم کریں گے جبکہ سٹاف اور گاڑیوں کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کریں گے۔

****

Daily Askar

Comments are closed.