ایچ ای سی، برٹش کونسل، پی ایم وائی پی گرین یوتھ موومنٹ پر مشترکہ طور پر کام کریں گے

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن، برٹش کونسل اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے اپنے فلیگ شپ پروگراموں میں تعاون کے لئے ایک نئی شراکت داری کی ہے جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی معاشی اور سماجی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی وصی شاہ دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ایگزیکٹوڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم، کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل جیمز تھامسن اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ڈاکٹر محمد علی ملک، ایڈوائزر (گلوبل انگیجمنٹ) ایچ ای سی اویس احمد اور کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل ہیمپسن نے ایل او آئی پر دستخط کئے۔ ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سہ فریقی تعاون پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے گرین یوتھ موومنٹ ، ایچ ای سی کی گرین یوتھ موومنٹ اور برٹش کونسل کا پاکستان یوتھ لیڈر شپ انیشیٹو کے نتائج پر مرکوز ہو گا۔

تعاون کے بنیادی مقاصد گرین یوتھ موومنٹ کلبوں کو ضروری صلاحیت سازی اور تکنیکی مدد فراہم کرنا، تربیتی مواد تیار کرنا، گرین یوتھ موومنٹ کلبوں اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان قومی اور بین الاقوامی دونوں محاذوں پر روابط قائم کرنا ہے تاکہ نوجوانوں کے اقدامات کے اثرات کو بڑھایا جا سکے۔ اس تعاون میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی ترقی اور نگرانی اور تشخیص کے فریم ورک کو شامل کیا جائے گا۔وصی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث آنے والی آفات کے حوالے سے قوم میں احساس ذمہ داری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا جنہیں انہوں نے ملک کا اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ موومنٹ پروجیکٹ کے تحت ہم نے پاکستان بھر کی 137 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ کلب قائم کئے ہیں۔ یہ کلب5موضوعاتی شعبوں میں کام کر رہے ہیں جو کہ زراعت اور جنگلات، قابل تجدید توانائی، مائع اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پانی کی بچت اور ماحولیاتی سیاحت ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ یہ مشترکہ کوشش پاکستان میں نوجوانوں کی معاشی اور سماجی ترقی کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے جس میں موسمیاتی کارروائی، اختراعات اور قیادت پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ پروگراموں اور اقدامات کے ذریعے سہ فریقی شراکت داری کا مقصد ملک میں نوجوانوں کے منظر نامہ پر دیرپا اثر پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں شراکت دار پاکستانی نوجوانوں میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے بامعنی کردار ادا کریں گے۔

کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل پاکستان نے کہا کہ پی ایم وائی پی، ایچ ای سی اور برٹش کونسل کے درمیان شراکت داری نوجوانوں کو آج کے موسمیاتی بحران کا سامنا کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو کل کے لیڈر بنانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے بڑے متاثرین میں سے ایک ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ایسے اہم اقدام میں ایچ ای سی کے ساتھ تعاون کرنے پر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

Web Desk

Comments are closed.