ڈیرہ اسماعیل خان ۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکی ہے، علماء حق ریاست اور امن کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد حملوں کا آگے بڑھ کر منہ توڑ جواب دیں گے، دہشت گرد کوئی بھی حربہ استعمال کر لیں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تحفظ کیلئے زخمی ہونے والے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، میں ان کو حوصلہ دینے کیلئے آیا ہوں لیکن ان جوانوں نے مجھے حوصلہ دیا ہے اور یہ جوان زخمی ہونے کے باوجود دشمن کا مقابلہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو خبردار کر رہا ہوں کہ وہ یہ جنگ ہار چکے ہیں، ریاست پاکستان یہ جنگ جیت چکی ہے، وہ ہاری ہوئی جبکہ ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین کی حفاظت کرنے والے شہداء اور زخمی اﷲ کے سامنے سرخرو ہوں گے، اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں کامران اور جنت میں راحت میں ہوں گے جبکہ خوارج دنیا و آخرت میں رسوا ہوں گے، یہ دوزخ کے نچلے درجے والے لوگ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ علماء حق ریاست اور امن کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد ہمیں موت سے خوفزدہ اور ڈرا نہیں سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں اور ہم مزید قربانیوں کیلئے بھی تیار ہیں، دہشت گرد حملوں کا آگے بڑھ کر منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کوئی بھی حربہ استعمال کر لیں کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے دہشت گرد حملہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کی۔
Comments are closed.