دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا، پاکستان شہداءکے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا ،سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس بارے فیصلہ تاریخی ہے ،نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی

کوئٹہ۔ 13 دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا، پاکستان تمام شہداءکے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا،سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس کے بارے میں آج کا فیصلہ تاریخی ہے،آج کے فیصلے سے یقینا ریاست مضبوط ہوئی ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان باشندوں کو بھائیوں کی طرح عزیز رکھا،پاکستان نے ترقی اور وسائل پر بوجھ برداشت کرتے ہوئے 50 لاکھ افغان مہاجرین کو 4 دہائیوں سے زائد پناہ دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام شہداءکے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔جان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گرد بزدل ہیں بد بخت ہیں، دہشت گرد اسلام کے دشمن ہیں، دہشت گرد مسلمانوں کواپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی میں ملوٹ تمام عناصر، تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنادیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں طالبان کی انتظامیہ ان کارروائیوں کی براہ راست ذمہ دار ہے، انہیں اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی ،طالبان اپنی غیر ذمہ داری سے دنیا میں اپنا تشخص خراب کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس پر آج کا تاریخی فیصلہ ہے۔ اعلیٰ عدلیہ نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے کیے جانے والے تمام پروپیگنڈا اور پریشر گروپس کو نظر انداز کردیا۔

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف فیصلے کو معطل کر دیا،آج کے فیصلے سے یقینا ریاست مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت نے چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ کے بینچ کے خلاف ایک مذموم پروپیگنڈا کیا، پروپیگنڈے کا مقصد تھا کہ آج کے اس فیصلے پر منفی انداز میں اثر انداز ہوا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی، انتشار اور سیاسی فسادات کے پیروکاروں کے لیے یہ فیصلہ یقیناً ایک بری خبر ہے ، ملک میں فسادات اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانون آہنی اور مضبوط ہاتھوں سے اپنا راستہ لے گا اورملک میں انتشار اور دہشت گردی کے پیروکاروں اور ہینڈلرز پر موثر طریقے سے قابو پایا جائیگا۔

Web Desk

Comments are closed.