لاہور۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں وطن عزیز میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے جو گھناونا کھیل کھیل رہی ہیں اس سے تمام طبقات بخوبی آگاہ ہیں۔وہ بدھ کے روز یہا ں لاہور میں علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری،مولانا محمد خان لغاری،علامہ عبد الوہاب روپڑی،مولانا رفیق جامی،علامہ عبدالحق مجاہد،مولانا اسد زکریا قاسمی،مولانا محمد شفیع قاسمی،مولانا نعمان حاشر،مولانا اسد اللہ فاروق،علامہ طاہر الحسن،مولانا اشفاق پتافی،مولانا حق نواز خالد،علامہ پیر زبیر عابد ،پیر اسد حبیب شاہ جمالی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ اور مذاہب کے قائدین ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں27 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج ،سکیورٹی اداروں،شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ملکی سلامتی کے اداروں،افواج پاکستان اور پولیس کے جوان جو وطن عزیز کے استحکام کیلئے جہاد کر رہے ہیں انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں وطن عزیز میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے جو گھناونا کھیل کھیل رہی ہیں اس سے تمام طبقات بخوبی آگاہ ہیں،اسی لئے پوری قوم دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کیلئے متحد و منظم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں،وہ پاکستان اور عوام کے دشمنوں کے آلہ کار ہیں،دہشت گردانہ حملوں سے خوارج کے مذموم ارادے ظاہر ہوتے ہیں،جنہیں دہشت گردی کیلئے پاکستان دشمن کئی ریاستوں کی پشت پناہی حاصل ہے،ہم اپنے دشمن کو اچھی طرح جانتے اور پہچانتے ہیں ،اسی لئے ملک بھر کے علما و مشائخ دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل وقت میں اپنی قوم کا ساتھ دیا ہے ،پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہماری مسلح افواج نے لازوال قربانیوں کی ایک عظیم داستان رقم کی ہے،ڈیرہ اسماعیل خان میں23 بہادر جوانوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کے بڑھتے ہوئے ناپاک قدموں کو روکا،پاکستان اور عوام کو بڑی دہشت گردی سے محفوظ رکھا،ان شہدا نے یہ اس عظیم داستان کا ایک نیا باب رقم کیا ہے جس پر پوری قوم کو اپنے ان شہدا پر نا صرف فخر ہے بلکہ انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سپہ سالار کی اس یقین دہانی پر مطمئن ہے جس میں انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہوتا،ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اسی یقین دہانی کا تسلسل ہے جو پوری قوم کے لئے اطمینان کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن دہشت گردی کے خلاف قوم کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کر ر ہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں رہنمائوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے واضح موقف دینا چاہیے۔
Comments are closed.