اسلام آباد۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت خواتین کا کوٹہ 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا ۔ وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے بدھ کو نیوٹیک کی جانب سے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔
وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ فنی تربیت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم پاکستان کے نوجوانوں کی بھرپور صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔ انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایم وائی ایس ڈی پی) کو سراہا اور کہا کہ اس پروگرام کے موثر اور عملی نفاذ سے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
مدد علی سندھی نے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام میں خواتین کا کوٹہ 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک اہم سنگ میل ہے جسے ترجیح دینے کی ضرورت ہے ،اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان موجودہ سماجی چیلنجوں پر قابو پائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ تمام معذور طلباء کو کسی بھی کوٹہ سے قطع نظر نشستیں دی جائیں۔ انہوں نے نیوٹیک کو ان کی سہولت کے لئے بڑے شہروں میں رہائش کا انتظام کرنے کا بھی حکم دیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک نے نے وفاقی وزیر تعلیم کو بتایا کہ موجودہ وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی لاگت تقریباً 10 ارب ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 161 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جا چکی ہے، جن میں سے 96 ہزار نے ہائی ٹیک ٹریننگ حاصل کی ہے اور 64 ہزار نے روایتی تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ اس تربیت یافتہ افرادی قوت میں روزگار کی شرح 71 فیصد ہے۔وزیر تعلیم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل تربیت یافتہ طلباء میں سے 42 ہزار خواتین تھیں۔ وفاقی وزیر کو صوبائی بریک ڈاؤن کے بارے میں بتایا گیا کہ پنجاب سے 67 ہزار، کے پی کے سے 20 ہزار، سندھ سے 38 ہزار، بلوچستان سے 12 ہزار اور وفاقی دارالحکومت سے 22 ہزار نوجوانوں کو ٹرین کیا جا چکا ہے۔
مدد علی سندھی کو وزیراعظم کے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ ہنر ابلاغ کے نام سے 16 ہزار طلباء کو ہائی ٹیک/آئی ٹی ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی۔ اسی طرح جدت مہارتوں کے تحت 25000 نوجوانوں کو اعلیٰ درجے کی صنعتی ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی اور الکاسب کے تحت 15000 نوجوانوں کو روایتی ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی اوربیرون روزگار کے تحت 15000 طلباء کو عالمی ہنر کے تحت تربیت دی جائے گی۔
Comments are closed.