اسلام آباد۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) مالی سال 23دوسری اور تیسری سہ ماہی کے لیے کواٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) کی درخواست پر عوامی سماعت کرے گا۔ وزارت توانائی نے کے الیکٹرک کے لیے کیو ٹی اے میں بالترتیب 0.4689 روپے فی یونٹ اور 1.2489 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت کی جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائنز اور یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت نیپرا درخواست پر 20 دسمبر کو عوامی سماعت کرے گا ، یہ چارجز بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) پر پہلے ہی لاگو کیے جاچکے ہیں۔نیپرا درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد صارفین کو منتقل کی جانے والی رقم کا حتمی فیصلہ کرے گا۔
ملک بھر میں تقسیم کار کمپنیاں ریگولیٹڈ نظام کے تحت کام کرتی ہیں اور صارفین سے اُن کے ماہانہ بلوں کے ذریعے وصول کیے جانے والے اخراجات کے حوالے سے نیپرا اور حکومت پاکستان کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں۔ انفرادی تقسیم کار کمپنیاں اس عمل کا حصہ نہیں ہوتیں اور نہ وہ یکطرفہ تبدیلیاں کرسکتی ہیں۔
Comments are closed.