چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کا راولپنڈی میں بی آئی ایس پی پارٹنر بینک کے مجاز پوائنٹ آف سیل ایجنٹ شاپ کا اچانک دورہ

راولپنڈی۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں بی آئی ایس پی پارٹنر بینک کے مجاز پوائنٹ آف سیل (POS) ایجنٹ شاپ کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد بی آئی ایس پی کے تحت مستحق خواتین میں کفالت وظائف کی تقسیم کی ذاتی طور پر نگرانی کرنا اور اس عمل میں درپیش مسائل سے نمٹنا تھا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے ریٹیلر شاپ کا دورہ کیا، جہاں ضرورت مند خواتین اپنے کفالت وظائف کی وصولی کیلئے جمع تھیں۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے فنڈز کی تقسیم کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور خواتین سے براہ راست گفتگو کی۔ضرورت مند خواتین نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو اپنے فنڈز کے حصول میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر غریب خواتین کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے پی او ایس ایجنٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے وظائف کی شفاف اور ایماندارانہ تقسیم کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ غریب خواتین کو بغیر کٹوتی کے وظائف کی ادائیگی ایک نیک کام ہے۔ انہوں نے پی او ایس ایجنٹ کو ضرورت مند خواتین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی تاکید بھی کی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہاکہ ضرورت مند خواتین کی خدمت کرنا عبادت کے مترادف ہے۔انہوں نے پی او ایس ایجنٹس کو انتہائی ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پی او ایس ایجنٹس کو پسماندہ طبقہ کی خدمت میں شفافیت اور ہمدردی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی تلقین بھی کی۔

Web Desk

Comments are closed.