پشاور۔ 13 دسمبر (نمائندہ عسکر):کمشنرمردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے مردان اورصوابی کے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کے احکامات کے مطابق خوشحال خیبر پختونخوا پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے متعلقہ علاقوں میں عوام کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنایا جائے۔ وہ کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں خوشحال پاکستان پروگرام پر عمل درآمد کے سلسلےدونوں اضلاع کے انتظامی افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرمردان نعیم اختر، ڈپٹی کمشنرصوابی ڈاکٹر طارق اللہ کےعلاوہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔کمشنر مردان ڈویژن نے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اپنےاضلاع میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کے اجلاس بلانے اورخوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کی روشنی میں پٹوار خانوں،سروس ڈیلیوری سنٹرز سمیت صفائی کی صورتحال سمیت عوامی خدمات کو ہرسطح پرعوامی توقعات کے ہم آہنگ بہتر بنانے، کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کے مسائل سے براہ راست آگاہی اورموقع پر ان کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کو یقینی بنانے اوراس سلسلے میں ہفتہ وار رپورٹ متعلقہ حلقوں کے ساتھ شیئر کرنے کے احکامات دیئے۔
انہوں نے افسران کو پولی تھین بیگز کے خلاف مہم شدت کے ساتھ چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولی تھین بیگز ماحول کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں،اس حوالے سے باقاعدہ قانون سازی ہو چکی ہے،اب اس حوالے سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام اورشہری امور کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں آگہی مہم بھی چلائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے زیرانتظام پختونخوا ریڈیو نٹ ورک کا کردار کلیدی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں مختلف شعبوں کے لیے واضح اہداف کا تعین کیا گیا ہے وہ خود بھی دونوں اضلاع میں پروگرام پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مختلف علاقوں میں جائیں گے۔
Comments are closed.