تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے،پشاور ہائیکورٹ

پشاور۔ 13 دسمبر (کورٹ رپورٹر):پشاور ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے اور چیف سیکرٹری امتیازی سلوک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کی اجازت سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز انور نے تحریر کیا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، نگران حکومت پابند ہے کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، الیکشن کمیشن ڈی اوز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرے، چیف سیکرٹری امتیازی سلوک کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں۔فیصلے کے مطابق چیف سیکرٹری نے عدالت کے سامنے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو لیول پلینگ فیلڈ دینے کی کوشش کریں گے۔فیصلے کے مطابق چیف سیکرٹری نے جس عزم کا اظہار کیا عدالت اس سے مطمئن ہے۔

Web Desk

Comments are closed.