لاہور۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دینے کا فیصلہ بہترین ہے،اس فیصلے نے ملکی دفاع کی دیواروں کو مزید مضبوط،مستحکم اور ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔بدھ کو ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے حق میں فیصلے پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ سویلنز کی آڑ میں چھپنے والے ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،وقت آ گیا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے والے اور بدامنی کے ذمے داروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس فیصلے سے وطن کی خاطر قربانیاں دینے والوں کی شہادتیں سرخرو ہوئی ہیں،شہدا کے ورثا اور اہل خانہ کی بے چینی کو قرار ملے گا،آج سپریم کورٹ نے عوامی امنگوں اور قوم کی توقعات کے عین مطابق فیصلہ سنایا ہے،اس فیصلے سے یقینا ملک دشمنوں اور بدامنی پھیلانے والوں کی نیندیں اڑ جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر پھیلے شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لئے ایسا فیصلہ ضروری تھا، استحکام پاکستان پارٹی اس فیصلے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،جوڈیشری نے ملکی سلامتی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے جس کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے۔
Comments are closed.