وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، نگران صوبائی وزیر صحت

لاہور۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے لاہور گیریژن یونیورسٹی میں اپلائیڈ بائیولوجیکل سائنسز میں فرنٹیئرز کے عنوان پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر لاہور گیریژن یونیورسٹی میجر جنرل ریٹائرڈ محمد خلیل ڈار،ڈین بیسک سائنسز کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد امجد خان، گیسٹ آف آنر پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین، گیسٹ سپیکر پروفیسر ڈاکٹر طاہر یعقوب، پروفیسر عمران افضل اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ کسی بھی ریسرچ کا معاشرے پر اثرات سب سے اہم ہوتے ہیں۔یونیورسٹی کا بنیادی مقصد ہی ریسرچ کرنا ہوتا ہے۔لاہور گیریژن یونیورسٹی ریسرچ کے شعبہ پر خاص توجہ دے رہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ بائیولوجیکل سائنسز بہت بڑی فیلڈ ہے۔ہمیں اکیڈیمیہ انڈسٹری کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان آبادی کے اعتبار سے اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہوگا۔ پاکستان میں ایک بھی بائیو ٹیکنالوجی پلانٹ نہیں ہے۔ چین کے پاس تین ہزار سے زائد بائیو ٹیکنالوجی پلانٹس ہیں۔

صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی پارکس بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں لیب سکلز میں بھی بہتری آنی چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ جین ایڈیٹنگ کے شعبہ میں ترقی ہونی چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب میں سکول سکریننگ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔

صوبہ بھر میں ہر دسویں جماعت کے طالب علم کی تھیلیسیمیا سکریننگ کو لازمی بنایا جائے گا۔ پاکستان میں تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے والدین بہت تکلیف سے گزرتے ہیں۔لاہور گیریژن یونیورسٹی کا تدریسی شعبہ میں مزید بہتری لانے کیلئے اپنی طبی درسگاہوں سے الحاق کروائیں گے۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے انعقاد پر لاہور گیریژن یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

Web Desk

Comments are closed.