شطرنج کھیل میں ہمارے پاس باصلاحیت ٹیلنٹ موجود ہے، بارہ سالہ آیت آصمی اس کی بہترین مثال ہیں، گورنر پنجاب

لاہور۔13دسمبر (نمائندہ عسکر):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے بدھ کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی 25 ویں ایشین یوتھ چیس چیمپین شپ میں شرکت کرنے والی چیس ٹیم آف پاکستان نے خصوصی ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے تمام کھلاڑیوں کو چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے حوصلہ افزائی کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ شطرنج جیسی مائنڈ سپورٹس دور حاضر کی اہم ترین ضرورت ہیں،ان گیمز سے بچوں کی ذہنی، جسمانی نشوونما ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شطرنج جیسی صحت مند ان ڈور کھیل سے بچے موبائل اور ٹی وی کی سکرین سے ہٹ کر صحت مند سرگرمی کی طرف مائل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شطرنج میں ہمارے پاس باصلاحیت ٹیلنٹ موجود ہے جس کی مثال بارہ سالہ آیت آصمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آیت آصمی نے رواں سال قازقستان میں منعقدہ ورلڈ چیس سکولز چیمپین شپ میں برونز میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا اور ایک نئی تاریخ رقم کی ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ بچے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام شطرنج کی دنیا میں روشن کریں گے۔اس موقع پر صدر چیس فیڈریشن آف پاکستان حنیف قریشی نے گورنر پنجاب کا چیس ٹیم آف پاکستان سے ملنے ، انہیں دعائوں اور نیک تمنائوں کے ساتھ رخصت کرنے پرشکریہ ادا کیا۔

چیس کے تمام کھلاڑیوں نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کرنے والوں میں نیشنل چیس چیمپئن و فیڈے (انٹرنیشنل چیس فیڈریشن)ماسٹر نیشنل و انٹر نیشنل چیس ٹرینر عامر کریم، خالد جاوید، پنجاب مائنڈ سپورٹس اکیڈمی، سینئر وائس پریزیڈنٹ محمد سلیم اختر، جوائنٹ سیکرٹری کاشف سلیم، ایگزیکٹیو ممبر سدرہ بٹ، اور ڈویلپمنٹ آفیسر محمد وقار، چیس فیڈیریشن آف پاکستان، چیس کے کھلاڑی مئشا فرقان چوھدری، آیت آصمی، حفصہ قمر، عیسی حسین لعل ، عمرو افتخار ، سحان احسن ولید احمد اجلال عامر موجود تھے ۔

Web Desk

Comments are closed.