گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ پشاور شہر کی ترقی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اس شہر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں، پشاورشہر کے عوام نے بہت عزت دی اس شہر کا ہم پر بہت بڑا حق ہے، پشاور شہر ہم سب کا ہے جسکی خدمت کیلئے ہم سب متحد ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ہندکوان تحفظ فاونڈیشن کے زیر انتظام تحصیل گور گھٹری میں ہندکووان کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. کنونشن میں مئیر پشاور حاجی زبیر علی،سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی غلام احمد بلور، ثمر بلور،ملک مہر الہی،تنظیم کے سرپرست اعلیٰ ملک طارق اعوان، چیئرمین حاجی آمین حسین، صدر ملک شان الہی، تنظیم کے دیگر عہدیدار اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی. گورنر نے ہندکوان تحفظ فاونڈیشن کے پشاور شہر کی خدمات انجام دینے والے عہدیداروں و شہریوں میں تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کیں اور تنظیم میں شامل ہونیوالے عہدیداروں و کارکنوں سے حلف بھی لیا، اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ملک طارق اعوان، چیئرمین حاجی آمین حسین اور صدر ملک شان الہی نے اپنے اپنے خطاب میں گورنر کو بتایا کہ پشاور اور اسکے صدیوں سے رہائش پذیر رہائشیوں کے مالی، تعلیمی، فلاحی، روزگار اور دوسرے گونا گوں مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اس تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، اس تنظیم کا مقصد ضرورت مند، حاجت مند لوگوں کی بر وقت مدد کرنا ہے۔ اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانا ہے. انہوں نے بتایا کہ پشاور شہر کی قدیم ثقافت اور ورثہ کا تحفظ بھی اس تنظیم کا مقصد ہے، اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کے اصولو پر کاربند رہتے ہوئے پشاور، صوبے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہے. انہوں اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر کنونشن میں شرکت کرنے اور پشاور شہر کیلئے مثالی خدمات پر گورنر حاجی غلام علی کو خراج تحسین بھی پیش کیا، کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تنظیم کیجانب سے پیش کئے جانیوالے جنازہ گاہ، پولیس اسٹیشن سمیت دیگر مطالبات و مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں پہلی مرتبہ آن لائین مفت ہیلتھ سسٹم شروع کیا گیا، اس کے علاوہ دیگر سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی، پشاور شہر سمیت صوبے کے عوام کیلئے گورنر ہاؤس ہر وقت کھلا ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کیا جائیگا، گورنرنے کہاکہ جس طرح پشاورتاریخی شہر ہے اسی طرح ہندکو بھی ایک تاریخی زبان ہے۔اب چونکہ پشاور مختلف اقوام اورزبانوں کا مرکز رہاہے اس لحاظ سے ہندکووان تحفظ فاؤنڈیشن کاقیام لائق تحسین ہے جس سے وہ نہ صرف اپنے کلچر بلکہ زبان کوبھی محفوظ کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔گورنرنے کہاکہ وہ خود پشاورشہر سے ہیں اورفاؤنڈیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پشاورکے عوام نے ان کاہمیشہ ساتھ اورپیار دیا ہے جس پرمیں آپ سب کامشکور ہوں.#
Comments are closed.