ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشیوں کو ملکیتی حقوق مل گئے، میر محمد صادق عمرانی کا اہم کردار

0

کوئٹہ13فروری:۔ ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشیوں کو ملکیتی حقوق مل گئے، میر محمد صادق عمرانی نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو بلوچستان نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت ڈیرہ مراد جمالی (نصیرآباد ٹاؤن شپ اسکیم) کے رہائشیوں کو ملکیتی حقوق دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ بلوچستان کی صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔رہائشی علاقوں کے لیے زمین کی قیمت مقرر کی گئی ہے، جس میں مختلف کیٹیگریز کے تحت قیمتیں طے کی گئی ہیں، جبکہ کمرشل علاقوں کے لیے بھی زونز مختص کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، زرعی زمینوں سے متعلق امور ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی زیر نگرانی دیکھے جائیں گے۔ صوبائی وزیر برائے آبپاشی، میر محمد صادق عمرانی نے اس اہم فیصلے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کو بالآخر وہ حقوق مل گئے جن کے لیے وہ طویل عرصے سے منتظر تھے۔یہ اعلان علاقے کے عوام کے لیے نہایت خوشی کا باعث ہے، اور اس سے ڈیرہ مراد جمالی کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اعلامیہ جاری ہونے کے بعد صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کو ان کے جائز حقوق دینا میری اولین ترجیح تھی، اور آج یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ ان زمینوں کی ملکیت کا حق دینے سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ میں ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ صرف ایک آغاز ہے، ہم مزید ترقیاتی منصوبے لائیں گے تاکہ یہاں کے رہائشیوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ اعلامیہ کے مطابق زمین کی قیمتیں 5000 مربع فٹ تک کی قیمت 60 روپے فی مربع فٹ ہوں گی اسی طرح 5000-10,000 مربع فٹ کی قیمت 75 روپے فی مربع فٹ جبکہ10,000-20,000 مربع فٹ زمین کی قیمت 100 روپے فی مربع فٹ اور 20,000 مربع فٹ سے زائد زمین کی قیمت 500 روپے فی مربع فٹ ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق کمرشل زونز میں قیمتیں 400 روپے سے 1000 روپے فی مربع فٹ کے درمیان مقرر کی گئی ہیں۔

Daily Askar

Comments are closed.