صدر مملکت کا فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے نام خط، قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے مبارکباد
*صدر مملکت کا فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے نام خط، قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے مبارکباد*
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے فرانس کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے فرانسیسی جمہوریہ کے صدر ایمانوئیل میکرون کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ نقطہ نظر اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فروری میں دستخط کئے گئے دوطرفہ تعاون کے روڈ میپ سے تجارت، عوامی رابطوں، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی جیسے شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ صدر میکرون کی متحرک قیادت میں ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدے کیلئے اعلیٰ سطح پر لے جائیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں فرانس کے صدر کیلئے اچھی صحت اور مسرت، فرانس کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
****
Comments are closed.