کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے امن انتہائی ضروری ہے، گورنرحاجی غلام علی

*کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے امن انتہائی ضروری ہے، گورنرحاجی غلام علی*

*صوبہ بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے،گورنر*

*گورنرسے یونین کونسل پلئی درہ ملاکنڈ کی 31 رکنی نمائندہ عوامی وفد کی ملاقات، علاقے کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا*

ہینڈآؤٹ۔218۔پشاور،14 جولائی 2023ء
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے امن انتہائی ضروری ہے اور امن برقراررکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صوبہ بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں یونین کونسل پلئی درہ ضلع ملاکنڈ کی 31 رکنی نمائندہ عوامی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر نگران صوبائی وزراء حاجی فضل الہی اور ساول نذیر ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ وفد کی سربراہی چیئرمین ویلج کونسل پلئی حاجی ابرارحسین کررہے تھے جبکہ وفد میں چیئرمین ویلج کونسل شیرخانہ عمرخان، صدر اصلاحی کمیٹی پلئی درہ صوبیدار (ر) حق دانی گل، صوبیدار (ر) محمدنواب، دیرہ ودان، باچا سید، حبیب الرحمان، گلیم شاہ اور خالقداد سمیت دیگر علاقہ مشران بھی شامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو علاقے میں لینڈسٹیلمنٹ سمیت دیگرمسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔شرکاء نے علاقے میں صاف پانی کی فراہمی، بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پلئی سمیت سکولوں میں اساتذہ کی کمی دورکرنے، پلئی ڈگری کالج کیلئے راستے کابندوبست اور ملاکنڈ یونیورسٹی تک پلئی درہ کے طلباء کیلئے خصوصی بس سروس کی فراہمی کی درخواست کی۔ گورنر نے اس موقع پر وفدکو پینے کی صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے، لینڈسٹیلمنٹ کو قانون کے مطابق کرنے سمیت تعلیمی اداروں کے حوالے سے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفدکے شرکاء نے معروضات سننے اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ عوامی گورنر کی حیثیت سے صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ صوبے کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے گورنر ہاوس کے دروازے کھولے گئے ہیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خدمت خلق عظیم عبادت ہے اور وہ بلا کسی تفریق کے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ گورنرنے کہا کہ میری خواہش ہے کہ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور ا س ضمن میں پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ان علاقوں کو بھی صوبے کے دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابرلایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ یونین کونسل پلئی درہ کے عوام کو پینے کی صاف کی فراہمی کیلئے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کیاجائیگا اورتعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو بھی دورکیاجائیگا۔

Daily Askar

Comments are closed.