لاہور 14 دسمبر(نمائندہ عسکر): چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب افتخار علی ساہو نے پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد سی بی ڈی پنجاب کے جاری اور آنے والے منصوبوں اور پنجاب کی معاشی ترقی میں ان کے اہم کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔
دورے کے دوران سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے اتھارٹی کی جانب سے شروع کیے گئے موجودہ اور متوقع منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے جو آنے والے وقت میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے اس سفر کو منزل کی جانب گامزن رکھیں گے اور سی بی ڈی ہر پلیٹ فارم پر دیگر محکموں کی معاونت کے لیے تیار ہے۔سی بی ڈی پنجاب کے کمرشل اور ٹیکنکل ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے اتھارٹی کے پروجیکٹس جیسے سیریس، ریگالیا، رن وے، نوڈ اور سانو کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
افتخار علی ساہو نے سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبوں کی تعریف کی اور صوبے میں پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب افتخار علی ساہو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبے پنجاب کی معاشی خوشحالی کے لیے ایک امید افزا مستقبل کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہم ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کے ترقیاتی منظرنامہ کو تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اس لیں ہم ہر لحاظ سے اس عظیم الشان منصوبہ کی معاونت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب میں سرمایہ کاری نہایت مفید ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی شاندار پالیسی سے ملکی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل اداروں کو اس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔ سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے چیئرمین افتخار علی ساہو کی آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب کی طرف سے سی بی ڈی پنجاب کے منصوبوں کو سراہنے پر ان کے مشکور ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ منصوبے پنجاب میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ہماری لگن کی عکاسی کرتے ہیں۔
سی بی ڈی پنجاب اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے درمیان خیالات اور تعاون کا تبادلہ پنجاب کی معاشی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ ویژن کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس موقع پرایگزیکٹیو ڈائریکٹر کمرشل محمد عمر، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ علی وقار شاہ، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، سی بی ڈی پنجاب اور نیسپاک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
Comments are closed.