پاکستان آبادی اور ترقی کے تھائی لینڈ کانفرنس کے ایجنڈا سے پوری طرح متفق اور اس پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات

اسلام آباد۔14دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی اور ترقی کے تھائی لینڈ کانفرنس کے ایجنڈا سے پوری طرح متفق اور اس پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، پائیڈ اور اقوام متحدہ کے بہبود آبادی کے ادارہ یو این ایف پی اے کی مشترکہ رپورٹس بروقت اور اہمیت کی حامل ہیں ، دونوں اداروں کے تحقیقی کام سے پوری طرح استفادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود آبادی (یو این ایف پی اے) اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی مشترکہ مرتب کردہ دو رپورٹس کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاپولیشن کانفرنس کے ایجنڈا میں پرعزم ہیں۔ کانفرنس میں پاکستانی وفد کی شرکت سے بہبود آبادی کے ایجنڈا کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے یو این ایف پی اے اور پائیڈ کے تحقیقی کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں واحد ملک ہے جس نے اس حوالے سے کام کیا ہے اور اس سے پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم اور محققین کو معاونت حاصل ہو گی۔ نیشنل ٹائم ٹرانسفر آف اکائونٹ اور نیشنل ٹرانسفر اکائونٹ کے نام سے دونوں رپورٹس پائیڈ اور یو این ایف پی اے نے مشترکہ طور پر مرتب کی ہیں۔ ان رپورٹس کا بنیادی ہدف آبادی میں اضافہ، عمروں میں اضافہ کی ساکھ، اقتصادی نمو، عوامی اخراجات اور میکرو معیشت کے درمیان رابطوں کو اجاگر کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی کے تناسب میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں، اس حوالے سے تحقیقی کام پاکستان جیسے بڑی آبادی والے ملک کیلئے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے اعداد و شمار بھی اہمیت کے حامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں اداروں کے تحقیقی مطالعوں میں صوبائی سطح پر بھی کام ہوا ہے جس کیلئے ہم کافی عرصہ سے کوشش کر رہے ہیں تاکہ صوبائی سطح پر جی ڈی پی کو مرتب کرنے میں آسانی ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پالیسی سازی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں ان رپورٹس سے استفادہ کرے گی۔

محمد سمیع سعید نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر معیشت کے حوالے سے رپورٹ اہمیت کی حامل ہے، اس سے ان حقائق کی تائید ہو رہی ہے جو معاشرے میں موجود ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ گھریلو ذمہ داریوں میں خواتین پر یکساں بوجھ پڑتا ہے جو لیبر مارکیٹ میں خواتین لیبر فورس کی موجودگی اور مجموعی معیشت میں ان کے کردار کی عکاسی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ رپورٹس بروقت اور اہمیت کی حامل ہیں اور ہم اس تحقیقی کام سے پوری طرح استفادہ کرنے کی کوشش کریں گے

Web Desk

Comments are closed.