لاہور۔14دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی اور پنجاب میں گرین ہائیڈورجن پراجیکٹ کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔وزیراعلی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں متبادل انرجی کے طورپر گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ مستقبل میں متبادل انرجی کے طورپر ہائیڈروجن کا استعمال ناگزیر ہے۔
گرین ہائیڈروجن ماحول دوست اوربہترین متبادل انرجی ہے۔سیکرٹری انرجی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور گرے،بلیو وگرین ہائیڈروجن انرجی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے واٹر کو الیکٹرولائز کر کے آکسیجن اورہائیڈورجن کو الگ کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ سے 38ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت اور 8سے 10ہزار افرا د کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
پنجاب میں پہلے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کیلئے لینڈ اورواٹر سپلائی مہیا کی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات،سعودی عرب اورچین سمیت مختلف ممالک میں گرین ہائیڈروجن کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ کوریا میں ہائیڈروجن انرجی پر بحری جہاز چلائے جارہے ہیں۔نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری انرجی،سیکرٹری فنانس اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Comments are closed.