لاہور۔14دسمبر (نمائندہ عسکر):ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے اشتہاری عمر شہباز، مہک بابر اور احسن الہی کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورے تھے ۔اشتہاری ملزم عمر شہباز نے بیرون ملک دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کر متاثرہ شخص سے2لاکھ 72ہزار روپے بٹورے ،خاتون ملزمہ نے مختلف شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے جبکہ گرفتار ملزمہ کے خلاف 3 مقدمات درج تھے۔ملزمان نے بغیر لائسنس کے متعدد شہریوں سے پاسپورٹس وصول کئے اور روپوش ہو گئے ۔
اس طرح ملزم احسان الہی نے ترکیہ ایمبیسی میں ویزا حصول کے لئے جعلی بینک سٹیٹمنٹ جمع کروائی جس پر ملزم کے خلاف کارروائی کے لئے ترکیہ ایمبیسی سے شکایت موصول ہوئی تھی۔چھاپہ مار ٹیموں میں انسپکٹر وقار اعوان، انسپکٹر عالم شیر، سب انسپکٹر روبینہ خادم، سب انسپکٹر عظمی عاشق اور اے ایس آئی معاذ سلہری شامل تھے -ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرزکی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور ریاض خان نے انسانی سمگلرزکی گرفتاری کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے ہیں
Comments are closed.