اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی فنڈ کے زیر اہتمام ملکی مصروفیت ورکنگ گروپ کا 31واں اجلاس

کوئٹہ۔ 14 دسمبر (نمائندہ عسکر):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی فنڈ کے زیر اہتمام ملکی مصروفیت ورکنگ گروپ کا 31واں اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے محکمہ صحت، بہبود آبادی، منصوبہ بندی اور غیر سرکاری اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ان محکموں اور اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کی تجاویز برائے بہبود آبادی زیر غور آئیں۔ اجلاس کے شرکا نے ملک کی آبادی سے متعلق امور، سرگرمیوں اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا ۔ اجلاس میں مواصلات کی حکمت عملی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ملکی مصروفیت ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاسوں میں بہبود آبادی سے متعلق ٹھوس اور قابل عمل سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں آبادی کو قابو کرنے اور عوام کو شعور و آگاہی دینے کے لئے ذرائع ابلاغ، تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے منعقد کرنے، علماءکے ساتھ نشستیں، مقامی نمائندوں کے ذریعے عوام میں آبادی سے متعلق شعور اجاگر کرنے، خواتین کی تعلیم پر زور دینے اور دیگر ذرائع کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.