محکمہ کھیل و ثقافت امور نوجوانان کے زیر اہتمام گوادر یوتھ فیسٹیول اختتام پذیر

کوئٹہ۔ 14 دسمبر (نمائندہ عسکر):محکمہ کھیل و ثقافت امور نوجوانان کے زیر اہتمام پانچ روزہ گوادر یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی ، فیسٹیول میں گوادر سمیت مکران بھر کے نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اختتامی تقریب میں بلوچی مشاعرہ اور ساز زیمل کا پروگرام منعقد ہوا جس میں مقامی نوجوانوں،شاعروں نے اپنے اپنے کلام پیش کیے ، پروگرام میں سلیم امین سمیت دیگر مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شرکاءسے داد وصول کی۔

اس موقع پر ادارہ ثقافت بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اصغر علی نے کہا کہ گوادر یوتھ فیسٹیول کا انعقاد نگران صوبائی وزیر کھیل و ثقافت کی ذاتی دلچسپی کے مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد گوادر سمیت مکران بھر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پلٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے ۔ فیسٹیول میں نوجوانوں کے لئے تفریح کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ کھیل اور کھیلوں کے لئے سہولیات بھی فراہم کی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت اس سلسلے میں خصوصی توجہ دے رہی ہے اور نوجوانوں کو کھیلوں کے ایسے مواقع فراہم کررہی ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ، گوادر یوتھ فیسٹیول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نوجوانوں،طلبا وطالبات میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

Web Desk

Comments are closed.