اسلام آباد 14 دسمبر (نمائندہ عسکر): ملک میں تکنیکی تعلیم کو مزید جدید بنانے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اور مائیکرو سافٹ میں معاہدہ طے پا گیا۔ اس حوالے سے ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن ایگریمنٹ (ETA) پر دستخط کئے گئے۔ اسی دوران امیجن کپ مقابلہ، فاونڈرز ہب اینڈ اے آئی اسکلنگ برائے طلبا کابھی آغاز کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی جناب حسن ناصر جامی وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے اس موقع پر کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنانا صرف انتخاب نہیں بلکہ ہماری تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا میں ایک اسٹریٹجک ضرورت ہے،حکومت پا کستان جدید ٹیکنالوجی کے حصو ل کیلئے کو شاں ہے ۔چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ایچ ای سی مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر ای ٹی اے تعلیم میں ٹیکنالوجی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کو شاں ہے۔ کنٹری پرنسپل آفیسر اور ریجنل ایجوکیشن لیڈ مائیکرو سافٹ جبران جمشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پا کستان میں تعلیمی نظام تبدیلی کی دہلیز پر کھڑا ہے ۔ایچ ای سی کے ساتھ معاہد ہ جدت کو فروغ دینے، نوجوانوں کو مستقبل کیلئے درکار ہنر سے آراستہ کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہائر ایجوکیشن ڈیٹا ریپوزٹری ڈویژن غلام نبی نے اعلی تعلیمی اداروں کے اعدادوشمار اور درجہ بندی میں پاور BI کے نفاذ پر زور دیا جس سے تعلیمی اداروں کی تشخیص اور بہتری پر ٹیکنالوجی کے مثبت اثرات ظاہر ہو تے ہیں انہوں نے کہا کہ درجہ بندی کے عمل کا مقصد اعلی تعلیم کے شعبے میں شفافیت، جوابدہی اور تعلیمی فضیلت کو فروغ دینا ہے۔تقریب سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیا القیوم نے اپنے خطاب میں اے آئی اسکلنگ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
Comments are closed.