چمن14دسمبر(نمائندہ عسکر): بلوچستان فوڈ ا تھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے چمن شہر میں قوانین کی خلاف ورزی اور ناقص اشیاء خوردونوش کی فراہمی پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 متفرق خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے، صفائی کے نامناسب انتظامات سمیت معمولی نقائص پر 24 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے دوران انسپیکشن لیبارٹری تجزیہ کیلئے مختلف اشیاء کے نمونے بھی لیے گئے جبکہ مالکان و ورکرز کو حفظان صحت کے بنیادی اصولوں پر مبنی خصوصی فوڈ سیفٹی کتابچہ بھی فراہم کیے گئے ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق لائسنس کی عدم دستیابی سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیے گئے مراکز میں 6 جنرل اسٹورز، 2 ہولسیل ٹریڈرز، 3 بیکنگ یونٹس، 10 فاسٹ فوڈ کارنرز، 4 ہوٹل، 2 نان شاپس، 5 آئسکریم اینڈ جوس کارنرز اور 1 ٹی شاپ شامل تھے ۔ مزید برآں بی ایف اے حکام نے مراکز مالکان کو لائسنس حاصل کرنے سمیت فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد اور شہریوں کو معیاری و محفوظ خوردنی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں بی ایف اے حکام نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چمن عارف کاکڑسے بھی ملاقات کی اور انہیں بلوچستان فوڈ ا تھارٹی کے اغراض و مقاصد اور ناقص و جعلی مصنوعات کے خلاف ا تھارٹی کے گزشتہ و جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ادارے کے قیام سے اب تک صوبہ بھر میں خوراک کی کوالٹی بہتر کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ چمن کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔
Comments are closed.