قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی وی کے تمام ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کے واجبات ادا کئے جا چکے ہیں، عطاءاللہ تارڑ

3

 اسلام آباد۔15جنوری  :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کے تمام ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کے واجبات ادا کئے جا چکے ہیں، اس وقت ادارے پر کسی قسم کی واجب الادا رقم نہیں، پی ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، پی ٹی وی میں اینکرز کو میرٹ پر رکھا گیا، اینکرز کی بھرتی میں کسی قسم کی سفارش نہیں، اس بارے میں زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں کنوینر کمیٹی ندیم عباس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویڑن کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ٹی وی کی مالی و انتظامی صورتحال ، انسانی وسائل اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ٹی وی کے تمام ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کے واجبات ادا کئے جا چکے ہیں، اس وقت ادارے پر کسی قسم کی کوئی واجب الادا رقم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس کے خاتمے کے بعد مختلف سوالات اٹھائے گئے، یہ تاثر درست نہیں کہ پی ٹی وی فیس کے خاتمے کے بعد ادارہ نہیں چل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے پاس فنڈز موجود ہیں، پی ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں اینکرز کی بھرتیوں کے حوالے سے ہمارا دوٹوک موقف ہے، موجودہ دور میں جن اینکرز کو رکھا گیا ہے وہ مکمل طور پر میرٹ پر تعینات کئے گئے ہیں، اس میں کسی قسم کی سفارش نہیں تھی اور اس بارے میں زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت سکرین پر موجود تمام اینکرز کی تقرری میرٹ پر ہوئی ہے، اگر کسی اینکر کو لایا گیا ہے تو اس کے لئے مسابقتی تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینکرز کے معاملات میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پی ٹی وی سپورٹس کی کارکردگی کے بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس چینل بہتر انداز میں چل رہا ہے، عالیہ رشید کو پی ٹی وی سپورٹس کا سربراہ لگایا گیا ہے جن کا سپورٹس جرنلزم میں ایک معتبر نام ہے، پی ٹی وی سپورٹس پر اشتہارات بھی حاصل ہو رہے ہیں اور یہ چینل کامیابی سے چل رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی میں انتظامی اور ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری ہے، بالخصوص انسانی وسائل کے شعبے میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ٹی وی میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل ایک ہی ڈی اے پی (DAP) تمام معاملات دیکھتا تھا، پہلی مرتبہ تمام ملازمین کا ریکارڈ آٹومیشن کے ذریعے محفوظ کیا گیا ہے، تمام ملازمین کی تفصیلات فوری دستیاب ہو جاتی ہیں، ماضی میں اس نوعیت کا کوئی مربوط ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ کمیٹی کے ارکان نے ریاستی نشریاتی ادارے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Web Desk

Comments are closed.