سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی قانون سازوں کے درمیان مضبوط نیٹ ورکنگ اور ہم آہنگی جہاں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کےلئے سود مند ہوگی وہاں یہ ان کی طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں امریکی سیاست میں مزید متحرک کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

واشنگٹن، 14 جولائی 2023
سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی قانون سازوں کے درمیان مضبوط نیٹ ورکنگ اور ہم آہنگی جہاں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کےلئے سود مند ہوگی وہاں یہ ان کی طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں امریکی سیاست میں مزید متحرک کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد قانون سازوں کی مربوط کوششیں ان تمام کاوشوں کو مزید مستحکم کریں گی جن کا مقصد پاک امریکہ تعلقات کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔
سفیر مسعود خان نے یہ ریمارکس پاکستانی نژاد امریکی ریاستی قانون سازوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیے۔ یہ قانون ساز امریکہ کی مختلف ریاستوں میں اپنے حلقوں کی خدمت سرا نجام دے رہے ہیں۔
میٹنگ کے شرکاء میں ریاست جارجیا کے نمائندے فاروق مغل، نمائندہ سائرہ ڈریپر، ٹیکساس سٹیٹ کے نمائندے سلمان بھوجانی، نیو جرسی اسمبلی کی خاتون رکن صدف ایف جعفر، ریاست پنسلوانیا کے نمائندے طارق خان، میری لینڈ اسٹیٹ کی مندوب سارہ وولک اور نیو جرسی اسمبلی کی خاتون رکن شمع حیدر شامل تھے۔
مسعود خان نے امریکی سیاسی افق پر پاکستانی نژاد سیاستدانوں کے بڑھتے ہوئے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی نژاد قانون ساز وں کی خدمات امریکی سیاست اور متعلقہ حلقوں میں عوام کی خدمت کے ضمن میں مثبت طور پر اثر انداز ہوں گی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ہمیں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں۔
جارجیا اسمبلی کے نمائندے فاروق مغل کی جانب سے صوبہ سندھ اور ریاست جارجیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات قائم کرنے کے لیے کامیابی کے ساتھ پیش کی گئی تاریخی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ کاوش دیگر قانون سازوں کے لئے اپنی متعلقہ ریاستوں کے پاکستان کے ساتھ اسی طرح کے تعلقات استوار کرنے کے لئے ایک مثال ہے۔ .
مسعود خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو بڑھانا اور عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے اور پاکستانی نژاد قانون ساز دونوں ملکوں کی کاروباری برادری، پروفیشنلز، قانون سازوں، طلباء اور دیگر کے درمیان مضبوط نیٹ ورک بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔.
امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے شرکاء پر واضح کیا کہ اپنے نائیکوپ پر بغیر کسی رکاوٹ و دقت آزادانہ طور پر پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے فہرستیں تیار کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ سفیر نے قانون سازوں سے کہا کہ وہ ان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور افواہوں کو مسترد کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ہم مادر وطن کے لیے ان کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ختم شد۔

Daily Askar

Comments are closed.