امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے گریمی ایوارڈ یافتہ عروج آفتاب کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا
عروج آفتاب نے امریکہ میں پاکستان کے بارے میں تاثر بدلنے میں مدد کی ہے: مسعود خان
واشنگٹن ڈی سی، 14 اگست 2023:
پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی جوکہ قومی کیلنڈر کا ایک اہم ترین دن ہے امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے آج گریمی ایوارڈ یافتہ عروج آفتاب کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔
عروج آفتاب گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔
عروج آفتاب ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ، میوزک کمپوزر اور پروڈیوسر ہیں۔ ان کے موسیقی کے انداز میں فیوژن ،جاز اورنیئو صوفی شامل ہیں۔ انہوں نے 2022 میں گریمی ایوارڈ جیتا تھا۔
اس موقع پر پڑھے گئے اقتباس میں کہا گیا کہ امریکہ اور پوری دنیا میں پاکستانی موسیقی کی روایت کو فروغ دینے کے حوالے سے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے محترمہ عروج آفتاب کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا ہے۔ .
موسیقی کی طاقت کو برؤے کار لاتے ہوئے امریکہ اور پاکستان کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ سفارت کاری اور بین الریاستی تعلقات تاثرات سے متعلق ہیں اورعروج آفتاب نے پاکستان کے بارے میں تاثرات کو تبدیل کرنے میں مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام موسیقی پسند کرتے ہیں۔ موسیقی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
عروج آفتاب نے اعزاز پانے پر سفیر پاکستان اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نے کہا کہ ادب، شاعری اور موسیقی بطور پاکستانی ہماری شناخت کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت رومانوی لوگ ہیں۔
اپنے اعزاز کو ملک کی دیگر خواتین فنکاروں کے لیے باعث تحریک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی خواتین موسیقاروں کے لیے یہ ایک روشن دن ہے۔
اس موقع پر محترمہ آفتاب نے مختار بیگم سے لے کر عابدہ پروین تک لیجنڈری پاکستانی گلوکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ میں آج انہی لوگوں کی بدولت یہاں کھڑی ہوں۔اس موقع پر انہوں نے اپنے والدین کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Comments are closed.