گورنر کی متحدہ عرب امارات کی مشہور کاروباری شخصیت سہیل محمد الزرونی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع معدنیات، گیس، سیاحت سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال علاقے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان قدرتی وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کریں، جدید مشینری و سہولیات نہ ہونے کے باعث قدرت کے خزانوں کو صحیح طریقے سے استعمال میں نہیں لایا جا رہا ہے جس کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تعاون کی ضرورت ہے اس سے نہ صرف سرمایہ کاروں کو فائدہ ہو گا بلکہ یہاں کے چھپے خزانے دنیا بھر میں متعارف ہونے کے ساتھ مقامی افراد کو روزگار و کاروبار کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور اجتماعی ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔وفاقی حکومت اور بالخصوص آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر بھی ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں جوکہ سرمایہ کاروں کی تحفظ کیلئے ایک نیک شگون ہے۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی مشہور کاروباری شخصیت سہیل محمد الزرونی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کی، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری و کاروباری مواقع بڑھانے سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پر قدرت کا خصوصی انعام ہے، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں بے تحاشا قیمتی قدرتی وسائل ہیں جن پر جامع سرمایہ کاری سے کافی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، خیبرپختونخوا میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں اور بیرونی واندرونی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے۔ محمدالزرونی نے صوبے میں کاروباری طبقہ اورصوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے وژن کو سراہا اورمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی۔
علاوہ ازیں گورنر سے دیر بالا سے پائندہ مند خان کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے بھی گورنر ہاوس میں ملاقات کی اورعلاقے کے عوام کو درپیش مسائل سے گورنر کوآگاہ کیا۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کو مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ صوبے کا ہر ایک علاقہ اور عوام میرے اپنے ہیں، عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہوں اور ان کے حل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،موجودہ مشکل صورتحال میں ہم سب کومتحد ہوکر کردار ادا کرنا ہو گا، ملک کو مضبوط کرنے کیلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہوناہوگااور ملک دشمن عناصر کے سوچ اور پروپیگنڈے کی نفی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قوموں پر مشکلات آتے رہتے ہیں لیکن وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو مشکلات سے نمٹنا جانتی ہوں۔ وفاقی اورصوبائی حکومت دوردراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کوبھی ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
دریں ثناء باجوڑ سے سابق سینیٹرمولاناعبدالرشید کی سربراہی میں بھی وفد نے گورنر ہاؤس میں گورنر سے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر کو ضم ضلع باجوڑ کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اُن کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ گورنرسے شیخ الحدیث مولانا عطاء الرحمن کی سربراہی میں بھی پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں مولانا غلام رسول اورعبدالسلام سمیت دیگر شامل تھے۔ملاقات میں مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ #

Daily Askar

Comments are closed.