نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں مہنگائی زخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے تدارک کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں

اسلام آباد ، 15 ستمبر : نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں مہنگائی زخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے تدارک کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا گیا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لئے پوری تندہی اور واضح حکمت عملی سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے ، جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر صوبہ بلوچستان میں سمگلنگ و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف مربوط کاروائیاں جاری ہیں اس ضمن میں پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور سمیت تمام متعلقہ اداروں کو زخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ضلعی سطح پر اشیائے خوردونوش کے داموں کو قابو رکھنے کے لئے ڈی سی کی سربراہی میں کمیٹیاں قائم ہیں جبکہ صوبائی سطح پر انسداد سمگلنگ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے  بتایا کہ ٹاسک فورس کے تمام تر اجلاسوں میں اسمگلنگ جیسی برائی کے  خاتمے کے لئے فوری فیصلوں کے ذریعے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان فیصلوں کی روشنی میں ہزاروں میٹرک ٹن چینی و دیگر اشیائے خوردونوش کو ضبط کیا گیا ہے ان کاروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بتایا کہ گزشتہ چند ایک  ماہ کے دوران پولیس  لیویز، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی مختلف کاروائیوں کے نتیجے میں 10956 میٹرک ٹن چینی اور 10647 میٹرک ٹن کھاد قبضے میں لی گئی ہے انہوں نے کہا کہ احتسابی عمل کو موثر بناتے ہوئے اسمگلنگ اور زخیرہ اندوزی میں ملوث سرکاری اعلیٰ و دیگر اہلکاران کے خلاف بلاامتیاز سخت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چھاپوں میں درجنوں گودام سیل کئے گئے، کئی افراد کو گرفتار و جرمانہ کیا گیا اور یہ کاروائیاں اب بھی جاری و ساری ہیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں سمگلنگ و زخیرہ اندوزی جیسے ناسور سے لڑنے کےلئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد سمگلنگ کے اقدامات سے بلوچستان بھر میں چینی و دیگر اشیائے خوردونوش کے دام تیزی سے نیچے گر رہے ہیں چینی 220 روپے کلو گرام سے 160 روپے کلوگرام تک آ چکی ہے جبکہ دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بدستور کم ہورہی ہیں نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  زخیرہ اندوزوں و سمگلرز کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ، جس میں فورسز کا کردار کلیدی ہے انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے جاری آپریشن میں تمام اداروں بشمول، فورسز، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کا کردار بھی قابل ستائش ہے میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داری سے غافل نہیں اور ہم عوام الناس کو مصنوعی مہنگائی کے طوفان سے نکالنے سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

Daily Askar

Comments are closed.