اسلام آباد۔15دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف مسلسل سازشیں ہو رہی ہیں، ان سازشوں کے تدارک کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہو گا، ہم یہ جنگ جیتیں گے کیونکہ ہم حق پر ہیں اور باطل مٹنے کے لئے ہوتا ہے۔ وہ عیدگاہ شریف میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔عید گاہ شریف آمد پر پیر حسان حسیب الرحمن نے وزیر داخلہ کا ستقبال کیا۔
وزیر داخلہ نے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن اور حسان حسیب الرحمن سے بھی ملاقات کی۔نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ریاست پاکستان کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں، پاکستان پر کبھی اسلام اور کبھی فرقہ واریت کے نام پر حملے کئے جا رہے ہیں،اسلام کا ان خارجی دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نےکہا کہ اس ملک میں امن کا سورج جلد چمکے گا۔ انہوں نےکہا کہ ڈی آئی خان میں زخمی ہونے والے سپاہیوں کا جذبہ دیدنی تھا۔ نگراں وزیر داخلہ نےکہا کہ بزرگان دین کی دعائوں سے اس جنگ میں فتح یاب ہوں گے۔سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن نے وطن عزیز میں ترقی ، امن اور سلامتی کیلئے دعا کرائی۔
Comments are closed.