پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتما م ای کچہری کا انعقاد ، ڈائریکٹر جنرل نے مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں

اسلام آباد ۔15دسمبر (نمائندہ عسکر):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتما م 40ویں ڈی جی سی اے اے، ای کچہری کا انعقاد کیاگیا ۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سی اے اے ، خاقان مرتضیٰ نے ای کچہری کی صدارت کی۔ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ریگولیٹری، ڈی ڈی جی سی اے اے ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ایئرپورٹ سروسز ،ڈائریکٹر سکیورٹی، ڈائریکٹر ایچ آر، ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس، ڈائریکٹر آپریشنز نے بھی شر کت کی جبکہ ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ، ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ بھی موجود تھے۔

آن لائن ای کچہری کے دوران اسلام آباد اور دیگر ہوائی اڈوں پر میٹرو کیب سروسز کے کرایوں کو ریگولیٹ کرنے، پشاور رن وے کی بندش اور دیکھ بھال کے حوالے سے سوال ہوئے۔ڈی جی خان اور سیدو شریف ائرپورٹس کے لئے فلائیٹس، فلائی جناح اور ائرسیال کے یو اے ای آپریشنز کے بارے سوال ہوا ۔سول ایوی ایشن میں بھرتیوں اور شارٹ لسٹنگ اور مختلف ملکی اور غیر ملکی ائرلائنز سے متعلق متفرق شکایات موصول ہوئیں ۔

ان شکایات میں ائرلائن سٹاف کا نامناسب رویہ، سامان کی گمشدگی، ترسیل میں تاخیر اور توڑ پھوڑ شامل تھیں ، ملتان ائرپورٹ پر سکیورٹی اہلکاروں سکیورٹی / اسکریننگ ایریا میں مسافروں سے ناروا سلوک کی بھی شکایت موصول ہوئی ،خلیجی ممالک میں ممنوعہ سمجھی جانے والی ادویات لے جانے کی پاداش میں گرفتار ایک مسافر کے نمائندے نے بھی ای کچہری میں دوبارہ شرکت کی ۔اس موقع پر ڈی جی سی اے اے نے تفتیشی رپورٹ مسافر کے نمائندہ کو بھیجنے کی احکامات دیے۔رپورٹ کے مطابق سی اے اے ملازم نے جو کہ نوکری سے برخاست کیا جاچکا ہے مسافر کو جاتے ہوئے ادویات ساتھ لے جانے کے لئے دی تھیں۔

ڈی جی سی اے اے نے کہاکہ یہ رپورٹ بیرون ملک گرفتار مسافر کی رہائی میں قانونی طور پر معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ڈی جی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رن وے کی تعمیر نو کے باعث پشاور ایئرپورٹ کی بندش میں چھ ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ دیگر سوالوں میں پشاور ایئرپورٹ پر پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل، سی اے اے ملازمین کی پنشن کی منتقلی اور کم سے کم اجرت کے قانون کی عملداری بھی شامل تھے۔

ڈائریکٹر جنرل نے موقع پر ہی زیادہ تر سوالات کے جوابات دیئے اور متعلقہ افسران کو معاملات کو میرٹ پر جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔ عوام نے اپنی شکایات کے حل کے لیے پی سی اے اے کے ای کچہری کے اقدام کو سراہا۔ ای کچہری کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آفیشل فیس بک پیج پر لائیو سٹریم کیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.