حکومت تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، مدد علی سندھی

اسلام آباد۔15دسمبر (نمائندہ عسکر):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہاہے کہ حکومت تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ہونے اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ایسی نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہئے۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری (پائی) کے زیر اہتمام “تیسری پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ہائوسنگ اینڈ کنسٹرکشن نمائش کا آغاز گزشتہ روز پاک چائنہ سنٹر میں ہوا جس کا افتتاح وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کیا ۔

افتتاحی تقریب میں چیئرمین خورشید برلاس اور کنوینئر ایگز بیشن کمیٹی پائی فہد برلاس ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز غیر ملکی سفارتکاروں ،ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ اراکین، سرکاری افسران اور سیاحت انڈسٹری سے وابستہ مختلف بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ حکومت تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے

کیونکہ اس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ترقی اور معاشی ترقی کو آگے بڑھانے اور آبادی کی بڑھتی ہوئی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، عوام کو معیاری رہائش کی فراہمی کے لئے ماحول دوست، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری پر مبنی تعمیرات اور رہائش کے طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے چیئرمین پائی اور ان کی ٹیم کو شاندار نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا،

پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ہونے کے لئے اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ایسی نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہئے۔چیئرمین خورشید برلاس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں انویسٹمنٹ لانا اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بشمول قیمتی پتھروں، زیورات، کھیلوں اور فارماسیوٹیکلز کو فروغ دینے کے لئے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تقریبا ً500 مختلف تقریبات، کانفرنسز، سیمینارز اور ایکسپوز کا انعقاد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرمایہ کاری، زرمبادلہ اور معاشی سرگرمیوں کی ضرورت ہے اور ملک کی تاجر برادری اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

 

Web Desk

Comments are closed.