اسلام آباد۔15دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات سرفراز احمد بگٹی نے اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں فارنزک لیب کا افتتاح کیا۔سیکرٹری وزارت انسداد منشیات منیر اعظم اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی اور فارنزک لیب پر کمانڈنٹ اکیڈمی کی جانب سےتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نگران وفاقی وزیر سرفراز احمد بگٹی نےاینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں فارنزک لیب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس لیب کے قیام میں حکومت چین کے تعاون پر مشکور ہیں، اس لیب کے قیام سے انسداد منشیات کے حوالے سے مختلف ٹیسٹ اور رپورٹوں کے اجرا ءمیں آسانی پیدا ہو گی، جس سے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی،اس کے ساتھ ساتھ قیمتی وقت کی بچت ہو گی اور ڈیٹا کو اکٹھا کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ منشیات، دہشت گردی کی طرح ایک بڑا چیلنج ہے، یہ ناسور ہمارے نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے در پے ہے، اس مکروہ دھندے میں شامل تمام افراد کے سخت ترین ایکشن کو یقینی بنانا ہو گا،پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کونشہ کی لعنت سے بچانا ہو گا، اس ضمن میں اینٹی نارکوٹکس فورس کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
Comments are closed.