اے پی ایس پشاور کے معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سانحہ آرمی پبلک سکول کی 9 ویں برسی کے موقع پر بیان

اسلام آباد۔15دسمبر (نمائندہ عسکر):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، 16 دسمبر 2014 کا دن ملک کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائےگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی 9 ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے پورے ملک کو جس غم اور دکھ میں مبتلا کیا تھا وہ ناقابل بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے ان معصوم ہیروز کی قربانیوں سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہمیں آپس کے باہمی اختلافات کو بھلا کر دہشتگردی سے پاک، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک کیلئے مل جل کر کوششیں کرنی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ 9 سال کے بعد بھی سانحہ اے پی ایس کا غم روز اول کی طرح پوری قوم کے دلوں میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان خاندانوں پر فخر ہے جنہوں نے اس عظیم صدمے کو برداشت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

سپیکر نے سانحہ اے پی ایس کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اے پی ایس کے معصوم ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا اور مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کا اعادہ کیا جس کے نتیجے میں کافی حد تک دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر دہشتگرد ہماری سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کو ناکام بنانے کیلئے مسلح افواج بھرپور عزم کے ساتھ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے نبردآزما ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو ایک بار پھر دسمبر 2014 والے جذبے کو دہراتے ہوئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تعلیم کو اپنی میراث بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔سپیکر نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچوں کا درد اور دکھ پوری قوم آج بھی محسوس کر رہی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.